مریکہ نے پیٹریاٹ میزائل کی ترسیل میں اتحادیوں کی ترجیح بدل دی

ٹرمپ انتظامیہ نے یوکرین کو جلد پیٹریاٹ بھیجنے کے لیے جرمنی کو سوئٹزرلینڈ پر ترجیح دی،رپورٹ

اتوار 20 جولائی 2025 11:25

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اگلی جنریشن کے فضائی دفاعی نظام پیٹریاٹ کے حصول میں سوئٹزرلینڈ کے مقابلے میں جرمنی کو ترجیح دی ہے۔ اس طرح برلن کو اپنے دو پیٹریاٹ نظام یوکرین بھیجنے کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔ یہ بات تین امریکی حکام نے امریکی اخبار کو بتائی۔امریکہ کی طرف سے جرمنی کو یہ یقین دہانی کہ یوکرین کو بھیجے جانے والے پیٹریاٹ میزائلوں کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے گا، پہلا موقع ہے جب پینٹاگان نے ہتھیاروں کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے براہِ راست مداخلت کی ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت کیا گیا ہے جب ٹرمپ نے رواں ماہ کے آغاز میں یوکرین کو مزید اسلحہ فراہم کرنے کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

امریکی پیداوار کی لائن سے براہ راست جرمنی کو یہ نظام فراہم کر کے، پیٹریاٹ میزائلوں کی یوکرین کو فوری فراہمی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جو نیٹو کے اتحادیوں پر دبا ڈالنے سے متعلق ٹرمپ کے عہد کے مطابق ہے تاکہ وہ امریکہ کی ان کوششوں میں شریک ہوں جن کا مقصد یوکرین کو زیادہ سے زیادہ اسلحہ مہیا کرنا ہے۔

اخبارنے ایک اعلی امریکی عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ مستقبل میں پیٹریاٹ کی ترسیل کے شیڈول کو دوبارہ ترتیب دے گی، اور ان اتحادی ممالک کو ترجیح دی جائے گی جو اپنی موجودہ ذخیرہ شدہ پیٹریاٹ میزائل یوکرین بھیجنے پر آمادہ ہوں گے۔اخبار کے مطابق واشنگٹن آنے والے ہفتے میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مزید سودے طے کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ یوکرین کے لیے اضافی اسلحہ مہیا کیا جا سکے۔

پیر کے روز امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نیٹو کے دفاعی رہنماں کے ساتھ ورچوئل اجلاس کریں گے، جس میں یوکرین کو دی جانے والی امداد پر گفتگو ہو گی۔بدھ کے روز ایک علیحدہ اجلاس بھی ہو گا جس میں ان ممالک کو شامل کیا جائے گا جو پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے مالک ہیں۔ اجلاس کی صدارت جنرل الیکسوس گرینکویچ کریں گے، جو یورپ میں نیٹو افواج کے اعلی ترین کمانڈر اور امریکی یورپی کمان کے سربراہ ہیں۔سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے پیٹریاٹ دفاعی نظام کی ترسیل کی ترجیحات کو دوبارہ ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یوکرین کو زیادہ امداد فراہم کی جا سکے۔