اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 20 جولائی 2025ء) ویتنام کشتی الٹنے کا واقعہ، 38 ہلاکتیں، تلاش کا کام جاری
ادارت: افسر اعوان
ویتنام: کشتی الٹنے کا واقعہ، 38 ہلاکتیں، ایک زندہ بچ جانے والے کی کہانی
ویتنام کے مشہور سیاحتی مقام ہا لانگ بے میں ہفتے کے روز پیش آنے والے کشتی حادثے میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ پانچ افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
حادثے کے وقت کشتی پر 48 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔حادثے میں زندہ بچ جانے والے ڈانگ انہ توان نے بتایا کہ مسافروں نے عملے سے بارش اور خراب موسم کے پیش نظر کشتی واپس ساحل کی طرف لے جانے کی درخواست کی تھی، لیکن عملے نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنی منزل کے قریب ہیں اورکشتی کو آگے بڑھاتے رہے۔
(جاری ہے)
36 سالہ سیلز مین ڈانگ انہ توان نے، جو آگ بجھانے والے آلات بیچتے ہیں، آنکھوں دیکھا حال ایسو سی ایٹڈ پریس کو بتاتے ہوئے کہا، ’’تقریباً 15 منٹ تک بارش ہوتی رہی، پھر کشتی زور سے ہلنے لگی، میزیں اور کرسیاں ادھر اُدھر لڑھکنے لگیں، اور چند ہی لمحوں میں کشتی الٹ گئی۔
توان اور تیندیگر افراد نے الٹی ہوئی کشتی سے چمٹے رہ کر جان بچائی۔ وہ دو گھنٹے تک بارش رکنے اور امداد پہنچنے کا انتظار کرتے رہے۔
ایک ویتنامی آن لائن اخبار وی این ایکسپریس کے مطابق، امدادی کارکنوں نے 11 افراد کو بچایا، جن میں سے ایک زخمی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ایک 14 سالہ لڑکے کو چار گھنٹے بعد کشتی سے زندہ نکالا گیا۔
اخبار کے مطابق، حادثے کی وجہ تیز ہوائیں تھیں۔ زیادہ تر مسافر ہنوئی سے تعلق رکھنے والے سیاح تھے، جن میں تقریباً 20 بچے بھی شامل تھے۔
حکام نے امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔