غزہ: چھ ماہ سے کم عرصہ میں 12 ہزار افراد ہلاک، امدادی کارکن بھی نشانہ

یو این منگل 9 ستمبر 2025 04:30

غزہ: چھ ماہ سے کم عرصہ میں 12 ہزار افراد ہلاک، امدادی کارکن بھی نشانہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ نے غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسرائیل کے حملوں میں 67 ہلاکتوں اور 320 افراد کے زخمی ہونے کی مذمت کی ہے جبکہ ان حملوں میں امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

ادارے کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے غزہ کے طبی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کے وسط میں جنگ بندی کا خاتمہ ہونے کے بعد غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

Tweet URL

انہوں نے نیویارک میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اسرائیل کی فوج نے گزشتہ روز لوگوں کو غزہ شہر میں مخصوص عمارتیں اور علاقے چھوڑنے کے نئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مقامات پر کسی بھی وقت حملہ ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ دو روز میں اقوام متحدہ کے کم از کم ایک شراکتی ادارے پر بھی حملہ کیا گیا ہے جن میں ایک امدادی کارکن اور ایک بچے سمیت متعدد افراد کی ہلاکت ہوئی۔

انخلا کے نئے احکامات

ترجمان نے امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے 80 فیصد سے زیادہ علاقے سے یا تو انخلا کے احکامات دیے جا چکے ہیں یا انہیں اسرائیل کی جانب سے عسکری زون قرار دیا گیا ہے جس کے باعث یہ عام شہریوں کے لیے غیر محفوظ ہو گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ شہر کے کچھ حصوں سے انخلا کے نئے احکامات دیے جانے کے باعث لوگ ایک مرتبہ پھر جنوب کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں، جہاں پہلے ہی بہت ہجوم ہے۔

غزہ کے شمال اور جنوب دونوں حصوں میں خوراک، پانی اور پناہ گاہوں کی شدید قلت ہے۔ ہزاروں خاندان متواتر بے گھر ہو رہے ہیں جبکہ گزشتہ دنوں غزہ میں آنے والا پناہ کا سامان بڑے پیمانے پر امدادی ضروریات سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہے۔

اس صورت حال سے انسانی امداد تک فوری اور محفوظ رسائی اور انسانی بحران کو مزید شدت اختیار کرنے سے روکنے کی اشد ضرورت اجاگر ہوتی ہے۔

بھوک سے اموات

'اوچا' نے کہا ہے کہ غزہ شہر میں قحط کی تصدیق کے بعد مقامی طبی حکام نے اطلاع دی ہے کہ غزہ بھر میں اب تک 100 سے زیادہ افراد بھوک اور غذائی قلت کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں جن میں ایک چوتھائی تعداد بچوں کی ہے۔

بیشتر علاقوں میں اسرائیلی حکام نے امدادی کارکنوں کے لیے نقل و حرکت سے پہلے اجازت لینے کی شرط عائد کر رکھی ہے۔

'اوچا' نے بتایا ہے کہ اتوار کو 24 میں سے 11 امدادی کارروائیوں کی اجازت دی گئی جن میں کیرم شالوم کراسنگ سے ایندھن جمع کرنا اور اسے شمالی غزہ منتقل کرنا بھی شامل تھا۔ تین کارروائیوں کو اجازت نہیں دی گئی جبکہ چار کو منتظمین نے منسوخ کر دیا۔

دوسری جانب، عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، اسے 570 سے زیادہ وہیل چیئر موصول ہو چکی ہیں جو غزہ میں مختلف ہسپتالوں اور امدادی شراکت داروں میں تقسیم کی جائیں گی۔ ان میں بچوں کے لیے مخصوص 260 وہیل چیئر بھی شامل ہیں۔