یو این چیف کی یروشلم میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت

یو این منگل 9 ستمبر 2025 04:30

یو این چیف کی یروشلم میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 09 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے یروشلم میں دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ یروشلم کے نواحی علاقے راموت میں ایک مصروف چوراہے پر پیش آیا جہاں، اطلاعات کے مطابق دو مسلح افراد نے بسوں کے انتظار میں بیٹھے مسافروں پر فائرنگ کر دی۔ اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے میں متعدد بسوں کو شدید نقصان پہنچا۔

حکام کے مطابق، حملہ آور مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے دو فلسطینی تھے جنہیں ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری نے موقع پر ہلاک کر دیا۔

اس واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سپین سے تعلق رکھنے والا ایک شہری بھی شامل ہے۔