ریاستی عوام سے اپنے اپنے علاقوں میں انتہائی خستہ حال سڑکوں رابطہ راستوں کے حوالے سے تجاویز طلب کر لی گئیں

اتوار 20 جولائی 2025 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء) چیف انجینئر شاہرات عامہ ندیم مغل کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریاستی عوام سے اپنے اپنے علاقوں میں انتہائی خستہ حال سڑکوں رابطہ راستوں کے حوالے سے تجاویز طلب کر لی گئیں۔محدود بجٹ میں رہتے ہوئے عوامی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکن کام کرنے کی یقین دہانی۔ دوسری جانب مظفرآباد میں ایکسئین شاہرات عامہ زاہد گیلانی، ایس ڈی او حسیب عباسی پوری طرح متحرک ہو گئے۔

مون سون کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کرنے کے لیے از خود ایکسئین اور ایس ڈی او میدان میں نکل کھڑے ہوئے۔ گزشتہ سے پیوستہ روز اپر گوجرہ ویسٹرن بائی پاس سمیت بیلہ نور شاہ، بالا پیر تا چہلہ بانڈی ہیوی مشینری کے ساتھ ہمراہ عملہ صفائی ستھرائی کے کاموں میں مشغول رہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایکسیئین شاہرات عامہ زاہد گیلانی اور ایس ڈی او حسیب عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لوگ اپنے اپنے علاقوں کے بارے میں ہمیں اگاہ کریں۔

ہمارے دفاتر کے دروازے ان کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر وزیر تعمیرات عامہ سیکرٹری تعمیرات عامہ اور چیف انجینئر کی ہدایات کے تناظر میں مون سون کی تباہ کاریوں سے عوام کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔