ہسپتالوں میں عوام کو علاج کی سہولت فراہم کرنا انتظامی ذمہ داری ، انسانی خدمت بھی ہے ،ایڈیشنل کمشنر

اتوار 20 جولائی 2025 17:20

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ساہیوال ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا جس کا مقصد ہسپتال میں فراہم کی جانے والی صحت عامہ کی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ان کے ہمراہ ہسپتال انتظامیہ اور ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے تیمارداروں سے ملاقات کرتے ہوئے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔

انہوں نے مریضوں کے اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے علاج کی کیفیت، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے رویے کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ہسپتال کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم صفائی و ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں-ایڈیشنل کمشنر کا کہنا تھا کہ صحت کا شعبہ حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس نظام کو مؤثر و فعال بنانے کے لیے ڈویژنل سطح پر تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہسپتالوں میں عوام کو علاج کی سہولت فراہم کرنا نہ صرف انتظامی ذمہ داری ہے بلکہ ایک انسانی خدمت بھی ہے، اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو تاکید کی کہ مریضوں کو عزت، شفقت اور مکمل توجہ کے ساتھ علاج فراہم کیا جائے۔ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی نے مریضوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہسپتال میں مزید اصلاحات اور اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب عوام کو جدید اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے، جن کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔\378