وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا راولپنڈی ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ

اتوار 20 جولائی 2025 17:30

اسلام آباد /راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن کا اچانک دورہ کیا،اس دوران انہوں نے واش رومز، ریلوے دفاتر، استقبالیہ، پلیٹ فارمز اور سٹالز کے علاوہ ریلوے ٹریک کا بھی معائنہ کیا۔ وزارت ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر نے گندے واش رومز، صفائی کے ناقص انتظام اور شہریوں خاص طور پر خواتین مسافروں کے لئے ناکافی انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدا کا خوف کریں، یہ سب کیا ہے؟ یہ سب ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔

وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ لوگ کتنی دور دور سے آتے ہیں، انہیں اچھا ویٹنگ ایریا دینا آپ کا فرض ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ریل عوام کی سواری ہے، اسے خدمت کی اعلی مثال بنانا ہے، فوری بہتری نہ ہوئی تو سخت کارروائی ہو گی۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی نے بہتری کیلئے ریلوے حکام کو ڈیڈ لائن دے دی ۔ انہوں نے اچھے اور الیکڑانک بورڈز کی تنصیب کے حوالے سے بھی ہدایات دیں ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے مسافروں سے بھی گفتگو کی، ریل کے سفر، ٹکٹ، بوگیوں کی حالت اور عملے کے رویے سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے سٹال سے کھانا بھی کھایا، معیار اور کھانے کی قیمت بھی دریافت کی۔واضح رہے کہ محمد حنیف عباسی منصب سنبھالنے کے بعد سے مختلف ریلوے سٹیشنز کا مسلسل دورہ کر رہے ہیں تاکہ مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :