بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کے فوری طور پر انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے،نواب سلمان خلجی

پارٹی کے سینئر رہنماوں اورکارکنوں کی عزت و نفس کو کسی صورت مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،پریس کانفرنس

اتوار 20 جولائی 2025 21:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سینئر نائب صدر نواب سلمان خان خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کے فوری طور پر انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا جائے ،پارٹی کے سینئر رہنماوں اورکارکنوں کی عزت و نفس کو کسی صورت مجروح کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ورکروں کے مسائل کے حل کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ(ن) کے رہنماوں میر زمان لہڑی، الحاج خدائیداد خان ترین، ظاہر آغا، حسن خان اوردیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس سے قبل مسلم لیگ(ن) اور پارٹی کے دیگر ونگز کا مشترکہ اجلاس نواب سلمان خان کی زیر صدرات منعقد ہوگا جس میں بلوچستان میں کارکنوں کو درپیش مسائل اور پارٹی کی فعالیت کے بارے میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

۔ نواب سلمان خان خلجی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ 40سے 45 سال سے پارٹی کے ساتھ وابستہ رہنے والے کارکن آج بھی مسائل سے دو چار ہیں جبکہ پارٹی متعدد بار اقتدار میں آنے کے باوجود ان دیرینہ ساتھیوں اور پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے یہ کارکن آج بھی پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف اور مرکزی قیادت کے ساتھ شانہ بشانہ پارٹی کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوکر پارٹی کو بلوچستان میں زندہ رکھے ہوئے ہیں لیکن ہر دور میں پارٹی میں نئے آنے والے اقتدار کے مزے لینے کے بعد دوسری پارٹیوں میں اڑان بھر جاتے ہیں اور دیرینہ ساتھی آج بھی انہی مسائل سے دو چار ہیں انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ممبر سازی اور تنظیم سازی وقت اور حالات کے لئے ناگزیر ہے اس لئے ہم نے یہ عمل شروع کردیا ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ورکروں کو شوکاز نوٹس دیتے ہیں تو ورکروں کو ان کی حیثیت، اہمیت اور مقام کا بھی بتائیں کہ وہ اپنے قائدین کے ساتھ آمنے سامنے بیٹھ کر اپنے دل کی باتیں کرسکیں جنہوں نے آج تک بغیر کسی مفاد کے پارٹی کو فعال اور مضبوط رکھا اور پارٹی کے پرچم کو تھامے رکھنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کو صوبے میں زندہ اور تابندہ رکھا انہوں نے کہا کہ پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے لئے چھ رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی جائے کیونکہ صوبے بھر سے آنے والے ورکر جو کسی کام کے حصول کے لئے آتے ہیں تو کوئٹہ میں پارٹی کا کوئی صوبائی سیکرٹری نہیں وزراء، اراکین صوبائی اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری، مشیر اور صوبائی عہدیداران انہیں وقت نہیں دیتے اور نہ ہی ان سے ملاقات ہو پاتی ہے جس سے ان کی مشکلات جوں کی توں رہتی ہے اور وہ پارلیمانی ممبران اور صوبائی عہدیداروں سے خفا رہتے ہیں مرکزی قیادت اس حوالے سے صوبے میں ورکروں سے دور ہیں اسے ورکروں کے ساتھ رابطے میں رہنا چاہئے صوبے کے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ پارٹی کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی لیپ ٹاپ اور اسکالر شپ کی فراہمی کیلئے میرٹ میں خصوصی اہمیت دی جائے تاکہ انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں حائل مشکلات سے چھٹکارا مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ میں نے جب سے پارٹی میں شمولیت کی ہے اپنی پارٹی کے دیرینہ اور سینئر ساتھیوں سمیت ورکروں کو ایک فورم پر اکٹھا کرکے ان کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی اور مرکزی قیادت کے ساتھ روابط قائم رکھوں لیکن صوبائی قیادت اور وزرائ اور دیگر عہدیداران اس حوالے سے ورکروں کو مایوس کررہے ہیں اس لئے ہم نے یہ کانفرنس منعقد کرکے ورکروں کے دلی جذبات اور حقائق پارٹی کی مرکزی قیادت کو فراہم کرنے ہیں تاکہ صوبے میں پارٹی کو فعال اور مضبوط بنانے کے لئے ممبر سازی اور تنظیم سازی کے عمل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صوبائی سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جاسکے جس میں عام ورکر کی با آسانی پارٹی کے صوبائی ارباب اختیار اور مرکزی قیادت سے رابطے میں رہ کر اپنے مسائل کے حل کو یقینی بناسکیں۔