ٰ امریکن لائسیٹف سکول لاہور میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیا گیا ہے، مسعود ترین

اتوار 20 جولائی 2025 21:50

#کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2025ء) ایگزیکٹو ورکرز ویلفیئر بورڈ مسعود ترین ، نصیب اللہ شادیزئی ، کرنل اکبر، یاسین نے امریکن لائسیٹف سکول لاہور میں بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ سکول کے ذمہ داران کے خلاف تحقیقات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ان کی خدمات معطل کرکے ادارے سے برخاست کردیا گیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں امریکن لائسٹیف سکول لاہور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر والدین اور ورکرز ویلفیئر بورڈ بلوچستان کی جانب سے شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ عبدالستار بگٹی کی خصوصی ہدایات پر واقعے کی غیر جانبدار، شفاف اور فوری تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے ایک اعلی سطحی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی، جس میں والدین کے نمائندگان کے ساتھ ساتھ دکی سے آنے والی ٹیم بھی شامل تھی۔

(جاری ہے)

تحقیقاتی عمل کے دوران سکول انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون کیا گیا، جس پر سکول کے پرنسپل یاسین کی پیشہ ورانہ وابستگی اور ذمہ داری کو سراہا گیا۔تحقیقات میں یہ امر واضح طور پر سامنے آیا کہ اسکول کے بعض ذمہ دار افسران و عملہ واقعے میں غفلت اور بدانتظامی کے مرتکب پائے گئے۔ ان کے خلاف فوری طور پر تادیبی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان کی خدمات معطل کر دی گئیں انہیں ادارے سے برخاست کردیا گیا اورمستقبل میں کسی بھی تعلیمی ادارے میں ان کی تعیناتی پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی۔

دکی سے آئی ماہر ٹیم نے سکول انتظامی و تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے ایک جامع نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا بھی پیش کیا، جس میں تعلیمی معیار کی بلندی، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، طلبہ کی اخلاقی و شخصی نشوونما، نظم و ضبط، اور شفاف ادارہ جاتی نگرانی جیسے کلیدی پہلو شامل ہیں۔ سکول انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ان سفارشات پر مکمل عملدرآمد ہر صورت میں یقینی بنایا جائے۔

ورکرز ویلفیئر بورڈ تمام والدین، ذرائع ابلاغ، اور معاشرے کے باشعور افراد سے مودبانہ اپیل کرتا ہے کہ وہ ادارے کے ساتھ تعمیری تعاون کا مظاہرہ کریں تاکہ بچوں کے لیے ایک محفوظ، باوقار اور مثالی تعلیمی ماحول یقینی بنایا جا سکے۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ تحقیقات کے دوران بعض طلبہ کے غیر ذمہ دارانہ رویے، عدم برداشت اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے شواہد بھی موصول ہوئے، جن کے تدارک کے لیے اخلاقی و تربیتی اصلاحات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

ورکرز ویلفیئر بورڈکے سیکرٹری عبدالستار بگٹی کی قیادت میں، اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ بچوں کے تعلیمی، اخلاقی اور نفسیاتی تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم فوری، شفاف اور موثر انداز میں اٹھایا جاتا رہے گا، اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :