وزیراعلیٰ کے پی نے بجلی ڈیوٹی کے خاتمے پر وزیر توانائی اویس لغاری کو خط لکھ دیا

پیر 21 جولائی 2025 23:04

وزیراعلیٰ کے پی نے بجلی ڈیوٹی کے خاتمے پر وزیر توانائی اویس لغاری کو ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بجلی ڈیوٹی سے متعلق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کو خط لکھ دیا۔ وزیراعلیٰ کے پی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ بجلی ڈیوٹی ختم کرنے سے قبل صوبے سے مشاورت نہیں کی گئی، صوبے کو آئین کے تحت بجلی پر ٹیکس لگانے کا حق حاصل ہے اور بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیاں بجلی ڈیوٹی جمع کرانیکی پابند ہیں۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا کہ صوبیکو میٹرنگ، بلنگ اور بجلی چوری پر ہدایات دینے کا اختیار حاصل ہے، مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بغیر بجلی ڈیوٹی کی منسوخی غیرقانونی ہے، آرٹیکل 279 کے تحت تمام ٹیکس برقرار رہیں گے جب تک منسوخ نہ ہوں۔ خط میں کہا گیا کہ پیسکو، ٹیسکو اور ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو کے پی کیقوانین کی پیروی کرنی ہوگی، قانونی طورپر بجلی تقسیم کرنے والی کمپنیاں ہی بجلی ڈیوٹی وصول کرنے کی مجاز ہیں، یہ کوئی عام ٹیکس نہیں جو متبادل طریقے سے وصول کیا جاسکے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاور ڈویژن بجلی ڈیوٹی ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، خیبرپختونخوا آئینی حدود میں رہ کر مذاکرات کے لیے تیار ہے، یک طرفہ فیصلہ وفاق اور صوبے کے درمیان ٹکراؤ کو جنم دے سکتا ہے۔