سینیٹ انتخابات سے دستبردارہونے کیلئے وزارت کی پیشکش بھی کی گئی، خرم ذیشان

پیر 21 جولائی 2025 23:01

سینیٹ انتخابات سے دستبردارہونے کیلئے وزارت کی پیشکش بھی کی گئی، خرم ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض سینیٹ امیدوار خرم ذیشان نے کہا ہے کہ مجھے سینیٹ انتخابات سے دستبردار ہونے کے لیے وزارت کی پیشکش بھی کی گئی، میں نے وزارت کی پیشکش کو ٹھکرا دیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبح تک مجھ پر بہت دباؤ ڈالا گیا لیکن اپنے نظریے سے پیچھے نہیں ہٹا، باقی ساتھیوں کا سینیٹ الیکشن سے دستبرار ہونا ان کی اپنی مرضی ہے۔

(جاری ہے)

خرم ذیشان نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان اسمبلی باضمیر ہیں، اٴْمید ہے مجھے آج ضرور ووٹ دیں گے، سینیٹ نشستوں کی بندر بانٹ نہ ہو اس لیے الیکشن میں کھڑا ہوا ہوں، میری وجہ سے الیکشن ہوئے یہ ہی میری جیت ہے۔انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی عددی اعتبار سے 5 جنرل نشستیں جیت سکتی تھی، پتہ نہیں کیوں پانچواں امیدوار کھڑا نہیں کیا گیا، پارٹی کی آفیشل لسٹ میں میرا نام تھا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے خود سینیٹ الیکشن کے لیے نامزد کیا تھا۔پی ٹی آئی کے ناراض سینیٹ امیدوار نے کہا کہ الیکشن جیتنا میرا ٹارگٹ نہیں، میں نے بس ثابت قدم رہنا ہے، پارٹی کے بہت ساتھیوں نے مجھے حوصلہ دیا، حق اور سچ کا دامن ہاتھ سے جانے نہیں دوں گا۔