Live Updates

چکوال ، پوری کوشش کروں گا کہ جہلم اورچکوال کو آفت زدہ علاقہ قراردیا جائے، گورنرپنجاب

پیر 21 جولائی 2025 22:38

چکوال ، پوری کوشش کروں گا کہ جہلم اورچکوال کو آفت زدہ علاقہ قراردیا ..
چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) گورنر پنجاب ضلع چکوال میں بارش کے متاثرین کا جائزہ لینے کیلئے پیر کو سوا دس بجے بلکسر انٹر چینج پہنچے تو پیپلز پارٹی ضلع چکوال کے صدر راجہ رضوان ڈنڈوت، سابق رکن قومی اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، چوہدری نوشاد علی خان ایڈووکیٹ اور دیگر نے انکا استقبال کیا۔ چوہدری ناصر علی خان اور محسن حسن خان نے گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہا جبکہ چوہدری نوشاد علی خان نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ چکوال شہر کے یہ نشیبی علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور یہاں پر فوری طورپر ایک بڑے نالے کی ضرورت ہے جس سے شہر کا پانی گزر کر بستیوں کو نقصان نہ پہنچائے۔

بعد ازاں جب گورنرپنجاب سمن آباد جبیر پہنچے تو وہاں پر ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات گوندل، ڈی پی او چکوال لیفٹیننٹ ریٹائرڈ احمد محی الدین اور پیپلز پارٹی کے سنیئر سیاسی رہنما¶ں نے گورنر پنجاب کو خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

- گورنر پنجاب نے سر پاک، محلہ بھٹیاں، سمن آباد، ڈوہمن پل، تکیہ شاہ مراد کا دورہ کیا اور صورتحال کا معائنہ کیا،گورنر پنجاب نے علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی- ڈپٹی کمشنر چکوال نے گورنر پنجاب کو موجود صورتحال اور ریلیف کے بارے پر بریفنگ دی- گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے جس کو روکا نہیں جا سکتا مگرخوش آئند بات یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے دن رات اس مشکل وقت میں آپ کا ساتھ دیا اور چکوال کو بڑے نقصان سے بچانے میں اپنی پوری کوششیں کی- ضلعی انتظامیہ چکوال کی خدمات قابل تحسین ہے- گورنر پنجاب نے ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات اور ڈی پی او چکوال لیفٹیننٹ ریٹائرڈ احمد محی الدین کی سیلابی متاثرین کے لئے کاوشوں کو سراہا- بعد ازاں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈوہمن اور تکیہ شاہ مراد پل کا معائنہ کیا اور جاری بحالی کے عمل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے اے ڈی سی جی بلال بن عبدالحفیظ کی سیلاب کے دوران کارکردگی کو سراہا اور شاباش دی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت آپ لوگوں کے لئے ریلیف اقدامات اٹھا رہی ہے اور گورنر ہاوس سے بھی آپ کو ریلیف ملے گا- گورنر پنجاب نے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کو داد رسی کی اور اور یقین دلایا کہ جن لوگوں کو حالیہ بارشوں میں نقصان ہوا ہے اس کا ازالہ کیا جائے گا،گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کی ان کا کہناتھا کہ میں پہلے تو ان کو ایپریشیٹ کرنا چاہتا ہوں کیونکہ جب کوئی قدرتی آفت آتی ہے تو اس کا مقابلہ کرنا آسان نہیں ہوتا اور یہاں پہ 450 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو کہ 10 گھنٹے لگاتار رہی ہے یہاں پرسیلاب کی جو صورتحال ہے وہ بہت ہی مشکل تھی اس میں انتظامیہ نے بڑی ہمت کے ساتھ دن رات کام کر کے بڑے نقصانات سے ہمیں بچایا ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ توقع کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اپ نے ملک اپنے علاقے کے لیے اسی طرح وہ کام کرتے رہیں گے ، چکوال اور جہلم میں بہت بڑی تباہی ہوئی ہے بہت بڑا نقصان ہوا ہے پیپلز پارٹی کا یہ مطالبہ جائز ہے اور انشاءاللہ میں پنجاب گورنمنٹ سے پوری کوشش کروں گا کہ چکوال اور جہلم کو آفت زدہ علاقہ قرار دیا جائے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات