ایم ایل این ون منصوبے میں آسٹرین ریل کمپنی کی اظہاردلچسپی

منصوبہ سی پیک کا حصہ، چینی سرمایہ کاری اولین ترجیح ہے، چیئرمین ریلوے

پیر 21 جولائی 2025 21:00

ایم ایل این ون منصوبے میں آسٹرین ریل کمپنی کی اظہاردلچسپی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ریلوے کو بتایا گیا ہے کہ آسٹریا کی ریل کمپنی نے ایم ایل این ون منصوبہ میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ چیئرمین ریلوے نے کہا چین کے علاوہ کوئی اور ملک منصوبے کیلئے آتا ہے تو ریلوے کو بین الاقوامی سطح پر بولی لگوانا ہو گی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی جام سیف اللہ نے بتایا کچھ سینیٹرز کو آسٹریا میں پاکستان کے سفیر نے بتایا تھا کہ آسٹرین ریل کمپنی پاکستان کے ا ایم ایل ون منصوبے میں دلچسپی رکھتی ہے ، پاکستان ریلویز اس پر بھی غور کرے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ریلویز مظہر علی شاہ نے کمیٹی کو بتایا کہ ایم ایل ون سی پیک منصوبے کا حصہ اور سرمایہ کاری کیلئے چین پہلی ترجیح ہے ، منصوبے کیلئے کوئی اور سرمایہ کاری کرتا ہے تو بین الاقوامی بڈنگ ہوگی۔کمیٹی کو بتایا گیا پاکستان ریلوے کے پاس 400 ایکڑ مہنگی ترین زمین ہے اس کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں ۔ زمین کی لیز سے حاصل ہونے والا منافع ریلوے پر لگتا ہے۔ رکن کمیٹی شہادت اعوان نے چیئرمین کمیٹی کو بتایا مسلسل 8اجلاسوں سے سوالات کر رہا ہوں ایک کا بھی جواب نہیں دیا گیا ۔چیئرمین کمیٹی نے نیب اور ایف آئی اے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اگلے اجلاس میں ریلوے کے کیسز کی تفصیلات فراہم کریں۔