پاکستان اور بنگلہ دیش کے قونصل خانوں کی ملاقات، امارات میں مقیم کمیونٹی کی فلاح پر گفتگو

aijaz ahmad gondal اعجاز احمد گوندل اتوار 20 جولائی 2025 21:56

پاکستان اور بنگلہ دیش کے قونصل خانوں کی ملاقات، امارات میں مقیم کمیونٹی ..
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2025ء) متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اور بنگلہ دیشی کمیونٹیز کی فلاح و بہبود کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دبئی میں پاکستانی قونصل خانے میں دونوں ممالک کے قونصل خانے کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس اجلاس کا مقصد دونوں ممالک کے قونصل خانوں کے درمیان قانونی معاونت اور فلاحی خدمات کے بہترین تجربات کا تبادلہ تھا، تاکہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تارکین وطن کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

پاکستانی وفد کی نمائندگی فواد علی خان (ہیڈ آف چانسری)، عمران شاہد اور جنید مرتضیٰ (کمیونٹی ویلفیئر اتاشی) نے کی، جبکہ بنگلہ دیشی وفد میں شامل تھے ایم ڈی اشفاق حسین (کونسلر و ہیڈ آف چانسری)، شہناز پروین (فرسٹ سیکریٹری برائے لیبر)، اور ایم ڈی عبداللہ المامون الرشید (فرسٹ سیکریٹری قونصلر امور)۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مختلف اہم نکات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں شامل تھے: کم آمدنی والے کارکنان کے لیے قانونی آگاہی مہمات مزدوروں کے حقوق سے متعلق یو اے ای حکام سے اشتراک تنازعات کے حل میں تعاون اور قونصلر ویلفیئر افسران کی صلاحیتوں میں اضافہ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے شہریوں کے تحفظ اور فلاح کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مشترکہ ورکشاپس اور نالج شیئرنگ پروگرامز کے ذریعے باقاعدہ رابطے اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ تارکین وطن کو بہتر اور بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں.