قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت مسترد

پیر 21 جولائی 2025 14:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزم بہار الدین کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔جسٹس امجد رفیق نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت، ملزم بہار الدین کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہد عظیم نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے درخواست گزار کو حقائق کے برعکس قتل کے مقدمہ میں نامزد کیا ہے۔

وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں مقتول راشد کے دو مدعیان نے مختلف افراد کو قاتل نامزد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتول کی والدہ نے ابتدائی طور پر مدعی مقدمہ شاہد مغل کو قاتل قرار دیا، تاہم بعد ازاں دباو میں آ کر اپنا بیان تبدیل کر دیا۔درخواست گزار کے وکیل نے مزید کہا کہ وقوعہ کی جگہ نصب سی سی ٹی وی فوٹیج میں کسی بھی قسم کا واقعہ ریکارڈ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس پہلے ہی شریک ملزمان عدنان اور عبد الستار کو بے گناہ قرار دے چکی ہے، اس لئے عدالت درخواست گزار کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے۔سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ صدر گوجرانوالہ میں 10 اپریل 2023 کو قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اور پولیس تحقیقات میں ملزم کو قصوروار پایا گیا ہے، لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم بہار الدین کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت مسترد کر دی۔