محنتی اور نئے ائیڈیاز کے حامل نوجوان ہمارے صوبہ کا اثاثہ ہیں، گورنر خیبرپختونخوا

پیر 21 جولائی 2025 15:51

محنتی اور نئے ائیڈیاز کے حامل نوجوان ہمارے صوبہ کا اثاثہ ہیں، گورنر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ محنتی اور نئے ائیڈیاز کے حامل نوجوان ہمارے صوبہ کا اثاثہ ہیں جن کی قدر معاشرے کے تمام شعبہ جات کی ذمہ داری ہے۔ گورنر ہاوس پشاور حکام کی جانب سے جاری شدہ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا موٹر ایسوسی ایشن کے صدر بابر خان یوسفزئی کی جانب سے ڈی ایچ اے پشاور میں لینڈ روور ڈیفنڈر 6x6 کی لانچنگ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ، ایسوسی ایشن کے سیکرٹری بریگیڈئیر حنیف اللہ اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ موٹر سپورٹس میں انوویشن پر بابر خان یوسفزئی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔خیبرپختونخوا کا سافٹ امیج کھیلوں اور مثبت تفریحی سرگرمیوں کے فروغ سے ہی ممکن ہے ۔

(جاری ہے)

ہمارے ملک کی کرکٹ ٹیم میں آدھے کھلاڑی خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتے ہیں مگر یہاں فرسٹ کلاس کرکٹ میچ گزشتہ 13 سال سے منعقد نہیں ہوا ، متعدد ادارے صوبہ میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو تیار ہیں مگر افسوس عالمی تقاضوں کے مطابق گراؤنڈ نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس پشاور میں 26 جولائی کو پہلے گورنر خیبرپختونخوا سپورٹس ایوارڈ کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کے بعد ہم اڈاپٹ پلیئر کی مہم لانچ کرینگے ۔ اس موقع پر بابر خان یوسفزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کی عوام دوست اور صوبہ دوست شخصیت انتہائی قابل قدر ہے ۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر ہم گورنر فیصل کریم کنڈی کے مشکور ہیں۔