دوسرا ٹی ٹونٹی، بی سی بی کا طیارہ حادثے کی یاد میں سوگ کا اعلان

بنگلہ دیشی فضائیہ کا ایک F7 تربیتی طیارہ ڈھاکہ میں ایک سکول اور کالج کے کیمپس میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں کم از کم 20 افراد جاں بحق اور 171 دیگر زخمی ہو گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جولائی 2025 11:46

دوسرا ٹی ٹونٹی، بی سی بی کا طیارہ حادثے کی یاد میں سوگ کا اعلان
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جولائی 2025ء ) بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان دوسرا T20I منگل کو ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی یوم سوگ کے موقع پر کھیلا جائے گا۔
یہ اعلان پیر کے روز ایک المناک واقعہ کے بعد کیا گیا جب بنگلہ دیش کی فضائیہ کا ایک ایف سیون تربیتی طیارہ ڈھاکہ میں ایک اسکول اور کالج کے کیمپس میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 171 دیگر زخمی ہو گئے۔

فوج کے مطابق حادثہ ٹیک آف کے کچھ دیر بعد فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔
اس دن کو ہوائی حادثے کے متاثرین کی یاد کے لیے وقف کیا گیا ہے جس میں بی سی بی نے اپنی جانیں گنوانے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کئی طرح کا اہتمام کیا ہے۔

(جاری ہے)

تقریب کے ایک حصے کے طور پر اسٹیڈیم اور بی سی بی کے دیگر تمام مقامات پر قومی پرچم نصف سر پر لہرایا جائے گا۔

شہداء کی یاد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی۔
میچ کے آغاز سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی جبکہ کھلاڑی اور میچ آفیشلز بازو پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے۔ اس کے علاوہ میچ کے دوران احترام اور پر سکون ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے موسیقی نہیں بجائی جائے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ میزبان ٹیم کو اس وقت تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، اتوار کو ہونے والے افتتاحی میچ میں بنگال ٹائیگرز نے پاکستان کو 110 رنز پر آؤٹ کر دیا اور پرویز حسین ایمن کی میچ وننگ ففٹی کی بدولت ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اسی مقام پر 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔