پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹر کا انگلش کاؤنٹی یارکشائر سے معاہدہ، رواں سیزن کیلئے ٹیم کا حصہ بنیں گے

بھارت کے رتوراج کی جگہ پاکستانی بیٹر کی شمولیت ٹیم کے لئے فائدہ مند ہوگی، یارکشائر مینجمنٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 22 جولائی 2025 12:26

پاکستانی ٹاپ آرڈر بیٹر کا انگلش کاؤنٹی یارکشائر سے معاہدہ، رواں سیزن ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 جولائی 2025ء ) قومی ٹیسٹ کرکٹر امام الحق نے انگلش کاؤنٹی یارکشائر سے بقیہ سیزن کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔ 
یارکشائر کاؤنٹی مینجمنٹ کے مطابق امام الحق رواں ہفتے سرے کے خلاف شیڈول میچ میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں گے۔ 
وہ آئندہ میٹرو بینک ون ڈے کپ کے ساتھ ساتھ ستمبر میں کاؤنٹی چیمپئن شپ کے بقیہ میچز کے لیے بھی دستیاب ہوں گے۔

پاکستان کے لیجنڈری بلے باز انضمام الحق کے بھتیجے امام الحق کی فرسٹ کلاس بیٹنگ اوسط 43 ہے اور حال ہی میں مارچ میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس پریذیڈنٹ کپ میں پاکستان ٹیلی ویژن کی کپتانی کی تھی۔
امام الحق 24 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرکے 37.33 کی اوسط سے 1568 رنز بنا چکے ہیں جن میں 9 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ون ڈے میں اس نے 75 میچ کھیلے ہیں جس میں 9 سنچریوں اور 20 نصف سنچریوں کے ساتھ 47.04 کی شاندار اوسط سے 3,152 رنز بنائے ہیں۔

ان کے T20I کیریئر میں دو میچز شامل ہیں، جس میں مجموعی طور پر 21 رنز بنائے۔
امام آخری بار پاکستان کے لیے 50 اوور کے فارمیٹ میں اس سال اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران کھیلے تھے۔ ان کا آخری ٹیسٹ 2023ء میں آسٹریلیا کے خلاف تھا جبکہ آخری ٹی ٹونٹی 2019ء میں کھیلا تھا۔
یارکشائر کے جنرل منیجر نے امام الحق کی شمولیت کو ٹیم کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمیں خوشی ہے کہ امام الحق جیسے تجربہ کار اوپنر اب ہماری ٹیم کا حصہ ہیں، ان کی موجودگی بیٹنگ لائن کو تقویت دے گی۔

یارکشائر مینجمنٹ نے بھارتی اوپنر رتوراج کی عدم شمولیت پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ رتوراج کی عدم دستیابی افسوسناک ہے، تاہم ان کی جگہ امام الحق کی شمولیت ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔