بھارت چین کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر لداخ کی اہم سڑک کو بہتر بنانے لگا

پیر 21 جولائی 2025 16:46

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)بھارت چین کی طرف سے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر مشرقی لداخ میں 255کلومیٹر طویل دربوک-شیوک-دولت بیگ اولڈی سڑک کو ٹینکوں اور میزائلوں سے لدے ٹرکوں سمیت بھاری فوجی گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لیے بہتر بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سڑک کو جو لہہ کو قراقرم پاس کے قریب دولت بیگ اولڈی سے جوڑتا ہے ،کلاس 70کے معیار کے مطابق مضبوط کیا جا رہا ہے تاکہ اسے 70 ٹن وزنی گاڑیوں کے قابل بنایا جاسکے۔

دربوک-شیوک-دولت بیگ اولڈی سڑک وادی گلوان اور ڈیپسانگ کے میدانوں تک واحد زمینی راستہ ہے جہاں 2020سے چین اوربھارت کی ا فواج ایک دوسرے کے مدمقابل کھڑی ہیں۔بھارت اپنے نقل وحمل کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے کے لیے ایک متبادل راستے لہہ ساسر،لامرگو سڑک پر بھی تیزی سے کام کررہا ہے جس میں 17,800فٹ کی بلندی پر ساسر لا پاس کے قریب 4کلومیٹر کا اہم حصہ زیر تعمیر ہے۔ توقع ہے کہ یہ سڑک اگلے سال تک فعال ہو جائے گی۔