قوم کو بھکاری نہیں، ہنر مند بنانا ہے، یعقوب شریف گل

پیر 21 جولائی 2025 17:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء) منارٹیزپیپلز الائنس پاکستان کی جانب سے کراچی کی معروف مسیحی بستی عیسیٰ نگری میں ایک مثالی اور انقلابی اقدام اٹھایا گیا، جہاں لاہور سے آئی سی ٹی ایس ٹیم کو دو اہم تربیتی مراکز کا دورہ کروایا گیا۔ یہ مراکز نہ صرف خواتین کو معاشی خود مختاری کی طرف گامزن کر رہے ہیں بلکہ اقلیتی برادری میں ایک نیا اعتماد بھی پیدا کر رہے ہیں۔

یہ تربیتی مراکز سلائی سینٹر اور بیوٹی پارلر ٹریننگ سینٹر سابق رکن سندھ اسمبلی سلیم خورشید کھوکھر کے ذاتی گھر کو عوامی فلاح کے لیے وقف کر کے قائم کیے گئے، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ قیادت اگر نیت اور وژن سے بھرپور ہو تو تبدیلی ممکن ہے۔ یہ قدم اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے، جس کی مثال ماضی میں کسی مسیحی ایم پی اے یا ایم این اے کی جانب سے نظر نہیں آتی۔

(جاری ہے)

CTS ٹیم کے دورے کے دوران عیسیٰ نگری کے صدر منور رحمت نے مہمانوں کو مراکز کے تمام شعبہ جات دکھائے اور خواتین کو دی جانے والی فنی تربیت کے مختلف پہلوو?ں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس منصوبے کی سرپرستی پیٹرن ان چیف سلیم خورشید کھوکھر اور بانی و چیئرمین یعقوب شریف گل کر رہے ہیں، جنہوں نے اس وژن کے تحت اقلیتی نوجوانوں کو ہنر سے آراستہ کر کے خود کفیل بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔

اس موقع پر دیگر رہنماوں میں صدر سندھ ارم ریاست، صدر کراچی ڈویژن خواتین ونگ حاجرا صبا، نسرین گل، آرگنائزر ریورنڈ عرفان صدیق، آفس سیکریٹری طارق گل، جنرل سیکریٹری چوہدری ندیم بشیر گل اور کئی دیگر مقامی رہنما موجود تھے۔منصوبے کی اعلیٰ سطح پر نگرانی چیف آرگنائزر ریاست شاہد، سینئر وائس چیئرمین آصف نذیر اور یوتھ ونگ کے صدر عدنان گل کر رہے ہیں، جو اس مہم کو کراچی کی دیگر مسیحی بستیوں تک پھیلانے کا عزم رکھتے ہیں۔

مرکزی قیادت کے مطابق آنے والے مہینوں میں مختلف علاقوں میں اسی طرز پر فنی تربیتی مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ اقلیتی نوجوان صرف تعلیم یافتہ نہیں بلکہ باوقار روزگار کے حامل بھی بن سکیں۔تقریب کے اختتام پر یعقوب شریف گل نے کہا:''ہمیں قوم کو بھکاری نہیں، ہنر مند بنانا ہے۔ اگر اقلیتوں کو قومی دھارے میں لانا ہے تو انہیں صرف ووٹ کا حق نہیں بلکہ وقار سے جینے کا بھی موقع دینا ہوگا۔''