Live Updates

ریسکیو1122نے مون سون سیزن کے دوران شہریوں کی حفاظت کیلئے احتیاطی ہدایات جاری کردیں

پیر 21 جولائی 2025 21:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2025ء) ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122نے مون سون سیزن کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع احتیاطی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے کہا ہے کہ مون سون بارشیں جہاں خوشگوار موسم کا باعث بنتی ہیں، وہیں بعض اوقات خطرناک صورتحال کو بھی جنم دے سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا سٹاف مکمل الرٹ ہے تاہم عوام کا محتاط رویہ ہی حقیقی تحفظ کی ضمانت ہے۔ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران شہری برقی کھمبوں یا گیلی تاروں کو ہاتھ نہ لگائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹوٹی یا ننگی تاروں سے فاصلہ رکھیں اور جانوروں کو بھی دور رکھیں۔

(جاری ہے)

گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔

برقی آلات کا استعمال بارش کے دوران احتیاط سے کریں۔بہتے یا کھڑے پانی میں پیدل چلنے یا گاڑی چلانے سے پرہیز کریں۔بچوں کو بارش میں نہانے سے روکیں تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔سڑکوں پر پانی کے نیچے چھپی رکاوٹوں یا گڑھوں سے خبردار رہیں۔ڈاکٹر حسین میاں نے مزید کہا کہ گاڑی آہستہ چلائیں اور چھوٹے گیئر استعمال کریں۔ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس ہر وقت آن رکھیں۔

اچانک بریک لگانے یا تیز رفتاری سے مکمل گریز کریں۔مون سون کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے کنارے جانے سے پرہیز کریں۔تیز پانی کے بہاؤ اور طغیانی کے خطرے سے ہوشیار رہیں۔کمزور چھتوں یا دیواروں کے قریب بیٹھنا یا کھڑا ہونا خطرناک ہے۔تیز ہواؤں میں درختوں، کھمبوں یا بل بورڈز کے نیچے پناہ نہ لیں۔ڈاکٹر حسین میاں نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کسی بھی نا گہانی صورت کیلئے تیار ہیں لیکن شہریوں کا تعاون سب سے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ایک محفوظ معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات