پاکستان پبلک ہیلپ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پیرس میں شاندار تقریب

تقریب کے مہمان خصوصی سید قاسم علی شاہ تھے

sahibzada atiq صاحبزادہ عتیق الر حمن پیر 21 جولائی 2025 23:45

پاکستان پبلک ہیلپ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پیرس میں شاندار تقریب
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جولائی 2025ء) پاکستان پبلک ہیلپ فاؤنڈیشن (PPHF) کے زیرِ اہتمام پیرس کے مشہور رائل پیلس میں ایک عظیم الشان تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کے آئیڈیل، عالمی شہرت یافتہ مفکر، استاد اور موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس تقریب نے فلاح، تعلیم، قیادت اور انسانیت کے فروغ میں ایک نئی روح پھونکی۔

ناصر عباس تارڑ کی قیادت میں معروف سماجی شخصیات عصمت اللہ تارڑ، علی اسد تارڑ، مدثر نواز تارڑ، اظہر حسین تارڑ، عمران گوندل، اسلم گوندل، لالہ دیپ اور دیگر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ استقبالیہ کا اہتمام سرفراز احمد راں (ڈائریکٹر رائل پیلس) کی سرپرستی میں کیا گیا، جن کے ساتھ اعجاز بابر ساہی، ظہیر سکندر وڑائچ، ہمایوں سکندر وڑائچ، عارف گوندل، چوہدری گلزار لنگڑیال، طاہر ساہی سمیت درجنوں دوستوں نے انتظامی فرائض انجام دیے۔

(جاری ہے)

یہ استقبالیہ صرف ایک تقریب نہیں تھی، بلکہ احسان شناس قوم کی طرف سے ایک قابلِ تقلید پیغام تھا — کہ ہم اُن لوگوں کو نہیں بھولتے جنہوں نے ہمیں خواب دیکھنا سکھایا اور اُن کی تعبیر کے لیے روشنی کا راستہ دکھایا۔ تقریب کا آغاز قاری طارق احمد کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد زاہد محمود چشتی نے عشقِ رسالت مآب ﷺ میں نعت پیش کر کے سامعین کے دلوں کو منور کیا۔

نقابت کے فرائض صاحبزادہ عتیق نے دلنشین انداز میں ادا کیے اور تقریب کو ایک مربوط، منظم اور جذباتی تسلسل میں باندھ دیا تقریب کے دوران پاکستان پبلک ہیلپ فاؤنڈیشن کی تفصیلی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی، جس میں ادارے کی تاریخ، مشن، وژن اور گزشتہ دو دہائیوں سے جاری فلاحی منصوبوں کی جھلکیاں شامل تھیں۔ چیرمین ناصر عباس تارڑ نے ایک جامع پریزنٹیشن میں فاؤنڈیشن کے جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی، جن میں:نظیر میموریل اسپتال، دسترخوانِ پچھیوں، رائزنگ جنریشن اسکول، اوورسیز اسپتال منصوبہ، خدمت کارڈ سسٹم، ایجوکیشنل اسکالرشپس اور فری میڈیکل کیمپس شامل ہیں۔

تقریب کی خاص جھلک وہ تاریخی اعلان تھا جس نے تمام سامعین کو حیرت اور خوشی میں مبتلا کر دیا۔ ناصر عباس تارڑ نے اعلان کیا کہ منڈی بہاؤالدین میں سو کنال کی وقف زمین پر “PPHF ویلڈ ہیومینٹی سینٹر” قائم کیا جائے گا — ایک پندرہ منزلہ فلاحی ٹاور جس کی تعمیر پر ایک ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ یہ مرکز مستقل مالی وسائل، ایجوکیشن ہب، سوشل ویلفیئر دفاتر اور غریب طبقے کے لیے خدمات کا مجموعہ ہوگا، جس سے “اپنے حصے کی شمع” تحریک کو دوام حاصل ہوگا۔

پنجاب اسمبلی کے معزز رکن اور پارلیمانی سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ضیاء اللہ شاہ نے اپنی تقریر میں پنجاب میں ریسکیو سروسز، ائیر ایمبولینس، اور ریلیف مشن کی جدتوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے PPHF کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ “اوورسیز پاکستانی قوم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کی کوششیں قابلِ تقلید ہیں۔” آخر میں قاسم علی شاہ نے بھرپور اور جذباتی خطاب کیا، جس میں انہوں نے کہا: “اللہ نے ہمیں محدود وقت دیا ہے، اور اس وقت میں ہمیں خدمت، اصلاح اور قیادت کا کردار ادا کرنا ہے۔

” انہوں نے بتایا کہ قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن ہر سال 700 سے زائد طلبہ کو سی ایس ایس اور دیگر مقابلے کے امتحانات کے لیے تربیت دیتی ہے، جو ملک میں حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلد ہی قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن اور PPHF کے اشتراک سے منڈی بہاؤالدین کے ذہین طلبہ کے لیے اسکالرشپس، لیڈرشپ ورکشاپس، اور ہائر ایجوکیشن کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر آفٰض اقبال احمد نے پر اثر دعائیہ کلمات ادا کیے۔ ڈائریکٹر اوورسیز اسپتال ہمایوں سکندر وڑائچ نے تمام مہمانوں، میڈیا نمائندگان اور رضاکاروں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کی میڈیا کوریج شہزیب، علی اسد تارڑ، وسیم اور ان کی میڈیا ٹیم نے بھرپور انداز میں کی۔ تقریب میں پیرس کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانی، خواتین، سماجی کارکنان، کاروباری افراد اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہوئے — یہ صرف ایک تقریب نہیں، ایک تحریک کا تسلسل تھا۔