پولیس کو اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے مزید ثبوت مل گئے

ماڈل کے کپڑے بھی فلیٹ سے لے کر کیمیکل تجزیے کے لیے بھیجے جائیں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 جولائی 2025 11:37

پولیس کو اداکارہ حمیرا اصغر کے فلیٹ سے مزید ثبوت مل گئے
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی 2025ء ) ملک کی معروف اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے فلیٹ سے پولیس نے مزید ثبوت حاصل کرلیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو حمیرا کے فلیٹ میں 3 سے 4 جگہ پر مٹی کے برتن میں رکھا سفید پاڈر ملا ہے جس کے بعد پولیس نے اس پاؤڈر کو کیمیکل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیجنے کا فیصلہ کرلیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر اتنی جگہوں پر سفید پاڈر رکھنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی، کیمیکل تجزیے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ سفید پاؤڈر کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس اب تک اس بات کا کھوج لگانے کی بھی کوشش کر رہی ہے کہ اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود لاش کی بدبو کیوں نہیں پھیلی، ممکنہ طور پر یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس سفید پاؤڈر کی وجہ سے ہی لاش کی بدبو نہ پھیلی ہو، علاوہ ازیں پولیس نے اداکارہ کے کپڑے بھی فلیٹ سے لے کر کیمیکل تجزیے کے لیے بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو جلد ہی لیبارٹری کو بھیج دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں حمیرا اصغر کے سٹائلسٹ دانش مقصود نے بھی اداکارہ کی گمشدگی اور موت سے متعلق نئے انکشافات کیے ہیں، دانش مقصود نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ کے فون پر 5 فروری 2025ء کے بعد سرگرمیاں ریکارڈ کی گئیں، حمیرا سے آخری گفتگو 2 اکتوبر 2024 کو ہوئی تھی، ان کا واٹس ایپ لاسٹ سین 7 اکتوبر کا دیکھا، اکتوبر کے بعد متعدد بار اداکارہ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر نہ کالز کا جواب ملا اور نہ ہی بھیجے گئے پیغامات پڑھے گئے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’جب طویل عرصے تک حمیرا کی کوئی اطلاع موصول نہ ہوئی تو 5 فروری 2025ء کو سوشل میڈیا پر اداکارہ کی گمشدگی سے متعلق پوسٹ کی لیکن 6 فروری کو جب دوبارہ رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو واٹس ایپ پر اداکارہ کی ڈی پی غائب تھی اور لاسٹ سین بھی بند ہو چکا تھا جو مشکوک بات ہے‘، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ’پولیس نے دانش مقصود سے رابطہ کرکے سکرین شاٹس حاصل کرلیے اور تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا‘۔