Live Updates

پاک بحریہ کی قصور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری

پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے دریائے ستلج کے کنارے واقع متعدد دیہاتوں میں پھنسے مکینوں اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، خوراک اور طبی امداد بھی فراہم کی۔ ترجمان پاک بحریہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 7 ستمبر 2025 20:13

پاک بحریہ کی قصور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے نیوزایجنسی ۔ 07 ستمبر 2025ء ) پاک بحریہ کی قصور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھرپور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اعلامیہ پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ قصور میں سول انتظامیہ کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاک بحریہ کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں دریائے ستلج کے کنارے واقع متعدد دیہات، خصوصاً گنڈا سنگھ والا کے علاقے میں پھنسے ہوئے مکینوں اور ان کے مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں سرگرم ہیں۔

پاک بحریہ کی خصوصی ڈائیونگ ٹیمیں جو کشتیوں اور جان بچانے والے آلات سے لیس ہیں کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے بروقت نمٹنے کے لیے موقع پر موجود ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں پاک بحریہ نے قصور میں ایک میڈیکل کیمپ قائم کیا ہے جہاں سیلاب متاثرین کو مفت طبی مشاورت اور ضروری ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد متاثرہ افراد کو بروقت طبی امداد یقینی بنانا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کا عملہ مختلف مقامات پر سیلاب متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور دیگر ضروری سامان بھی تقسیم کر رہا ہے۔ پاک بحریہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے ساتھ کھڑی ہے اور اس کڑے وقت میں شہریوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون کے دسویں سپیل میں پنجاب سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 9 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا جس سے شہری علاقوں میں سیلاب، ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی ڈویژن میں آئندہ چند گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات