Live Updates

ملتان میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹنے کا واقعہ، خاتون سمیت جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی

کشتی پر زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے اور پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ تک تھی، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 ستمبر 2025 15:16

ملتان میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹنے کا واقعہ، خاتون سمیت جاں بحق ..
ملتان /لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 ستمبر 2025ء ) ملتان کے قریب جلال پور پیر والا میں سیلاب متاثرین کی کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ملتان کی ضلعی حکومت کے ترجمان وسیم یوسف نے بتایا کہ جلال پور پیروالہ میں دریائے چناب میں ریسکیو 1122 کی کشتی الٹنے سے تین بچے اور ایک خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق ہوئے، یہ کشتی ایک درخت سے ٹکرائی اور تیز بہاؤ کی وجہ سے الٹ گئی، اس دوران کشتی میں سوار خواتین اور بچے اپنا توازن قائم نہ رکھ سکے، یہ کشتی جلال پور پیروالہ میں سیلاب متاثرہ افراد کے انخلا کے لیے استعمال کی جارہی تھی۔

اس حوالے سے جاری سرکاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشتی پر زیادہ تر خواتین اور بچے سوار تھے اور پانی کی گہرائی 15 سے 20 فٹ تک تھی، عملے نے سرچ اور ریسکیو آپریشن شروع کیا اور ابتدائی مرحلے میں 4 لاشیں نکال لی گئیں جب کہ باقی افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، ایک بچے کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر آپریشن کیا گیا بعد ازاں اس کی بھی موت کی تصدیق ہوئی۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ریسکیو 1122 کے سیکریٹری ڈاکٹر رضوان نذیر نے اموات پر دکھ کا اظہار کیا اور ڈویڑنل ایمرجنسی آفیسر کو فوری طور پر واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا، کمشنر ملتان عامر کریم خان نے بھی اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان کاٹھیا نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے، انہوں نے حکم دیا کہ سیلابی صورتحال میں متاثرین کا انخلا محفوظ طریقے سے کیا جانا چاہیئے، نجی کشتیوں یا ریسکیو کشتیوں میں کسی صورت اوورلوڈنگ نہیں ہونی چاہیئے۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا، ریسکیو 1122 نے بتایا کہ صرف ملتان میں سیلابی کارروائیوں کے دوران 9 ہزار سے زائد افراد کوریسکیو کیا گیا جب کہ 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد اور 3 لاکھ سے زائد جانوروں کو سیلاب سے قبل محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات