لینڈ سلائیڈنگ میں لودھراں کے ڈاکٹر میاں بیوی جاں بحق ، والد زخمی، 3 سالہ بیٹا لاپتہ ہوگیا

فیملی کے 17 ارکان سیر و تفریح کیلئے گلگت بلتستان گئے تھے، موسم بہتر ہونے پر میتوں اور اہل خانہ کو منتقل کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 جولائی 2025 13:04

لینڈ سلائیڈنگ میں لودھراں کے ڈاکٹر میاں بیوی جاں بحق ، والد زخمی، 3 ..
سکردو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جولائی 2025ء ) کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ میں لودھراں کے ڈاکٹر میاں بیوی بھی جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دیامر میں کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث جاں بحق ہونے والے جوڑے کی شناخت ہوچکی ہے، جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر میاں بیوی صوبہ پنجاب کے علاقہ لودھراں کے رہائشی تھے جن کے کے والد بھی دیامر واقعے میں زخمی ہوئے اور 3 سال کا بیٹا لاپتہ ہوگیا۔

فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ فیملی کے 17 ارکان سیر و تفریح کے لیے گلگت بلتستان گئے تھے، اس دوران یہ خاندان دیامر میں پیش آنے والے افسوسناک حادثے کا شکار ہوگیا، خاندان کے باقی افراد محفوظ ہیں اور موسم بہتر ہونے پر جاں بحق ڈاکٹر میاں بیوی کی میتوں اور باقی اہل خانہ کو دیامر سے لودھراں منتقل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ گزشتہ روز سکردو سے واپسی پر ان کی گاڑیاں دیامر میں سیلابی ریلے میں پھنس گئی تھیں، ڈپٹی کمشنر دیامر عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ بابوسر کے قریب تھک کے مقام پر کلاوڈ برسٹ ہوا جس کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بابو سر روڈ بند ہوگئی، 7 سے 8 کلو میٹر روڈ مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے، 10 سے 15 گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، اب تک 3 افراد کی لاشیں ملی ہیں اور ایک معمر شخص شدید زخمی حالت میں ملا جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ قدرتی آفت سے بجلی اور فائبر آپٹک لائن متاثر ہوئی جس کے باعث رابطوں میں دشواری کا سامنا ہے، سیلاب متاثرہ علاقے میں مشینری پہنچا رہے ہیں، کچھ علاقوں میں مشینری پہنچ بھی چکی ہے، ناران سے بھی بابو سر روڈ کو کھولنے کی کوشش کریں گے، قدرتی آفات کے ردعمل میں جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں، ہم متاثرہ افراد کو امدادی سامان، کھانا اور پانی وغیرہ بھی فراہم کریں گے۔