بلوچستان میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کیخلاف پنجاب اسمبلی میں 2مذمتی قراردادیں جمع

غیرت کے نام پر کاروکاری و دیگررسوم کے خلاف سخت سزائوں پر مبنی قانون سازی کی جائے‘ مطالبہ

منگل 22 جولائی 2025 18:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء) بلوچستان میں غیرت کے نام پر دہرے قتل کے خلاف پنجاب اسمبلی میں 2مذمتی قراردادیں جمع کروا دی گئیں ۔استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے قانون سازی کیلئے قرارداد جمع کرائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں فرسودہ رسم و روایات اور غیرت کے نام پر سرعام گولیوں سے چھلنی کیا گیا، انتہائی افسوسناک و شرمناک واقعہ نے ہر ذی شعور شہری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، اپنا قانون اور عدالت لگانے والے گھنانے جرائم میں ملوث کسی رعایت کے مستحق نہیں، ایسے واقعات قبائلی رسم و رواج کی پستی اور زمانہ جاہلیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

پاکستان بھر میں ہونے والے ایسے تمام واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملوث تمام کرداروں کو منظر عام پر لا کر سخت قانونی کارروائی کی جائے ، غیرت کے نام پر کاروکاری و دیگررسوم کے خلاف سخت سزائوں پر مبنی قانون سازی کی جائے ۔ قرار داد میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

دوسری قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ غیرت کے نام پر ایک نہتی خاتون کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں ، جرگے کی آڑ میں قتل کیے گئے افراد کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں ۔ قرار داد میں حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ تمام ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے،ایسے واقعات کو پاکستان کی عالمی ساکھ کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں ، غیرت کے نام پر قتل کے خلاف موثر قانون سازی کی جائے۔