دہلی میں ڈرگ کوئین کی حکومت ، مودی کے ترقیاتی نعرے کے پیچھے منشیات کی دلدل

منگل 22 جولائی 2025 21:06

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2025ء) مودی سرکار کے زیر سایہ بھارت کے بڑے شہر منشیات کے اڈوں میں بدلتے جا رہے ہیں۔ دارالحکومت دہلی میں منشیات کی ملکہ کوسم کے منظم نیٹ ورک کا انکشاف ملک میں بڑھتے ہوئے جرائم اور کمزور نظام انصاف کی عکاسی کرتا ہے۔ بھارتی میڈیا کی تہلکہ خیز رپورٹ کے مطابق کوسم نامی خاتون کے گھر سے 550 ہیروئن کے پیکٹس، نشہ آور گولیاں، 14 لاکھ نقدی، قیمتی گاڑیاں اور دو کروڑ روپے کی بینک رقوم برآمد ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

کوسم اور اس کی بیٹیوں کے اکاؤنٹس میں ہونے والی مشکوک ٹرانزیکشنز، اور بغیر کسی واضح ذریعہ آمدن کے سلطان پوری میں چار رہائشی یونٹس کو ملا کر تعمیر کی گئی غیر قانونی عمارت، منشیات مافیا کے اثر و رسوخ کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کوسم پر پہلے سے 12 مقدمات درج ہیں، لیکن عدالتی نظام اور تفتیشی اداروں کی نااہلی کے باعث وہ آج بھی کھلے عام اپنے نیٹ ورک کو چلا رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کا اربوں روپے کا دفاعی بجٹ تو موجود ہے، مگر ملک کے دارالحکومت میں خواتین اور بچوں کے ذریعے منشیات فروشی ایک ایسا سچ ہے جو ’’ابھرتی ہوئی عالمی طاقت کے دعوے کو منہ چڑھا رہا ہے۔