انسانی دماغ خدا کی بے مثال تخلیق ہے، اس کی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیی: مریم نواز

منگل 22 جولائی 2025 21:38

انسانی دماغ خدا کی بے مثال تخلیق ہے، اس کی صحت کو اولین ترجیح دینی چاہیی: ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ برین ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ انسانی دماغ خالقِ کائنات کی بے مثال تخلیق ہے، جو کائنات کے سب سے پیچیدہ اور حیرت انگیز نظاموں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ برین ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دماغی صحت کو سنجیدگی سے لینا اور اس سے متعلقہ مسائل پر توجہ دینا کتنا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ دماغی بیماریوں میں مبتلا افراد صرف تکلیف نہیں سہتے بلکہ اکثر معاشرتی بے حسی، لاپرواہی اور عدم توجہ کا شکار بھی ہوتے ہیں۔ ایسے مریضوں کی زندگی آسان بنانے کے لیے نہ صرف علاج بلکہ شعور و آگاہی کی بھی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب دماغی صحت کے فروغ، بیماریوں کی روک تھام، علاج معالجے کی سہولیات اور عوامی آگاہی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دماغی صحت کو جسمانی صحت جتنی ہی اہمیت دینی چاہیے کیونکہ ایک صحت مند دماغ ہی مثبت سوچ اور تعمیری فیصلوں کی بنیاد رکھتا ہے۔وزیراعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دماغی بیماریوں سے متاثرہ افراد سے ہمدردی برتیں، انہیں تنہا نہ چھوڑیں اور معاشرتی رویے کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔