سرگودھا انسدادی دہشت گردی عدالت کے نو مئی کے مقدمات کے فیصلہ سے انصاف کا بول بالا ہوگیا ہے، وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹرعقیل ملک کی پریس کانفرنس

منگل 22 جولائی 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹرعقیل ملک نے کہا ہے کہ سرگودھا انسدادی دہشت گردی عدالت نے نو مئی کے مقدمات کا فیصلہ سنا دیا جس سے انصاف کا بول بالا ہوگیا ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہے، دہشت گردی کےعدالت نے تمام ملزمان کو 10 10 سال قید کی سزا سنائی،قانون سب کے لیے برابر ہے عہدہ کوئی معنی نہیں رکھتا ،نوجوان نسل ریاست مخالف جماعتوں کا بائیکاٹ کرے۔

منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج 9 مئی کے حوالے سے سرگودھاکی انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ ایا ہے اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت کی طرف سے جنہوں نے 9 مئی جیسا افسوسناک واقعہ برپا کیا وہ یہ بات کہتے تھے کہ فیصلے کیوں نہیں ہو رہے اگر کیسز سچائی پہ مبنی ہیں تو ان کے فیصلے ہونے چاہیے اور میں سمجھتا ہوں کہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ آج الحمدللہ انصاف کا بول بالا ہوا ہے ،انصاف نہ صرف ہوا ہے بلکہ ہوتے ہوئے نظر بھی آیا ہے،وہ افسوسناک واقعہ جو نو مئی کو ایک مخصوص سیاسی جماعت اور ان کے جو سپورٹرز تھے یا گمراہ کن حواری تھے، انہوں نے جو تشدد برپا کیا جو افسوسناک واقعہ کیا اور ایک منصوبے کے تحت 200 سے زائد مقامات پر حملے کرائیں وہ انتہائی افسوسناک ہے، آج کا جو فیصلہ آیا ہے وہ بالکل انصاف کے تمام تر تقاضے پورے کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے لئے پوراایک ٹرائل چلا۔ ان ملزمان کو استثنیٰ فراہم کی گئی تھی کہ وہ ان پرسن پیش نہ ہو وہ اپنے لیڈر کے ذریعے پیش ہوتے رہے یاوکلاء پیش ہوتے رہے،ان کا یہ پورا پراسسز کا ٹرائل انسدادی دہشت گردی کی عدالت میں اس میں واضح طور پر تمام تر وہ انصاف کے جو فیئرتقاضے تھے وہ تمام تر تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا،سرکاری اور پرائیوٹ گواہان کے بیان ریکارڈ کیے فاضل جج نے اس کے بعد ان پر جرح کی اور آج الحمدللہ جو فیصلہ سنایا گیا ہے وہ بالکل آئین اور قانون کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب آپ قانون اپنے ہاتھ میں لیں گے تو چاہے آپ ایم این اے ہوں یا ایم پی اے ، چاہے آپ کا کوئی بھی مرتبہ ہو یا کوئی بھی رتبہ رکھتے ہوں، کسی بھی پوزیشن پر فائز ہوں، وہ چیزیں میٹر نہیں کرتیں قانون سب کے لیے برابر ہے، قانون حرکت میں آئے گا، اگر قانون کو اپنے ہاتھوں میں لیں گے تو قانون پھر حرکت میں آئے گا اور جب قانون حرکت میں آتا ہے تو پھر بالکل انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے اورالحمدللہ آج ہمیں انصاف ہوتا ہوا نظر آیا ہے اور یہ ایک فیئر وارننگ بھی ہے ان لوگوں کے لیے یا ان پارٹی کے سپورٹرز کے لیے جن کی لیڈرشپ ان کو ورغلاتی ہے ان سپورٹرز یا ان ووٹرز کے لیے جن کو بطور ایندھن استعمال کرتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے یکے بعد دیگرے جو احتجاج کا لبادہ اوڑھے ہوئے انتشار کی کال دی جاتی ہے یہ ان کو بھی تباہ کیا جاتا ہے، خدارا کسی ایسے پلان کا حصہ مت بنے یا اس میں اپنا حصہ مت ڈالیں۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں تمام ملزموں کا شفاف ٹرائل ہوا، ملک احمد بھچر ، احمد چٹھہ، رانا بلال عمر سمیت 32 سے زائد ملزمان کو سزا ہوئی ۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے تمام ملزموں کو 10،10 سال قید کی سزاسنائی،ریاست کی رٹ کو چیلنج کریں گے تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ جناح ہائوس ، جی ایچ کیو پر حملے کی ویڈیوز سب کے سامنے ہیں،ملک میں آئین اور قانون کے مطابق ہی فیصلے ہونے ہیں، قانون سب کے لیے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ریاست مخالف جماعتوں کا بائیکاٹ کرے،نوجوان نسل کسی بھی جماعت کی گھنائونی سرگرمیوں کاحصہ نہ بنے۔