سوات، واپڈا ملازمین کا سوات پریس کلب کے سامنے احتجاج

نئی بھرتیوں اور اوقاتِ کار کی خلاف ورزیوں پر شدید نعرے بازی

منگل 22 جولائی 2025 20:40

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سوات کی جانب سے پیسکو میں نئی بھرتیوں کے التوا، ناقص حفاظتی انتظامات، غیر انسانی اوقاتِ کار اور ملازمین کے دیگر مسائل کے خلاف سوات پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین پیسکو دفتر سیدو شریف سے جلوس کی صورت میں روانہ ہوئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے پریس کلب پہنچے۔

مظاہرے سے یونین کے زونل چیئرمین رفیع اللہ، ڈویژنل چیئرمین عمر واحد، سیکرٹری عطا اللہ، صدام حسین، غفور بابا، بخت محمد خان اور ظفر علی ناز نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ بجلی کی بار بار بندش اور گرمی کی شدت کے باوجود واپڈا ملازمین دن رات مسلسل خدمات سرانجام دے رہے ہیں، مگر لیبر قوانین کے برخلاف انہیں 8 گھنٹوں کے بجائے 24 گھنٹے کام کرنا پڑ رہا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

(جاری ہے)

رہنماں نے واضح کیا کہ اب وہ بغیر حفاظتی اقدامات، مطلوبہ افرادی قوت اور معیاری اوزار کے ساتھ مزید ڈیوٹی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا میں کئی سالوں سے بھرتیوں پر پابندی ہے، جس کے باعث ملک بھر میں 40 ہزار اسامیاں خالی ہیں، اور موجودہ عملے پر کام کا دباو غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نئی بھرتیوں کا آغاز کیا جائے، لم سم ملازمین کو مستقل کیا جائے، اور فکسڈ پے پر کام کرنے والوں کی تنخواہ لیبر قوانین کے مطابق کم از کم 42 ہزار روپے ماہانہ مقرر کی جائے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ میٹر ریڈرز اور بل ڈسٹری بیوٹرز سے قانونی حد سے تجاوز کر کے کام لیا جا رہا ہے، جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :