ایمل ولی خان کی جانب سے افسوسناک انسانی سانحہ پر سیاسی پوائنٹ سکورننگ کرناقابل مذمت ہے،ترجمان حکومت بلوچستان

بدھ 23 جولائی 2025 00:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے سینیٹر ایمل ولی خان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک افسوسناک انسانی سانحے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کا ذریعہ بنانا نہ صرف غیر سنجیدگی کا مظہر ہے بلکہ قابل مذمت بھی ہے ،انہوں نے کہا کہ سینیٹر ایمل ولی خان نے ڈیگاری واقعے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جس انداز میں غیر ذمہ دارانہ زبان استعمال کی، وہ ان کی فکری کمزوری اور بلوچستان سے لا علمی کو آشکار کرتا ہے ۔

ترجمان نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی تفتیشی افسر نہیں بلکہ ایک ذمہ دار حکمران ہیں، جنہوں نے نہ صرف واقعے کا فوری نوٹس لیا بلکہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر ذاتی طور پر اس کی نگرانی بھی شروع کر دی۔

(جاری ہے)

وہ پہلے دن سے مظلومین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے لیے انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں ،شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایک المناک سانحے سے گزر رہے ہیں جبکہ ایمل ولی خان سیاسی نعرے بازی اور پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں ،یہ رویہ نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ مظلومین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔

ترجمان نے سینیٹر ایمل ولی خان سے سوال کیا کہ وہ بتائیں کہ انہوں نے اب تک بلوچستان کے لیے کیا کردار ادا کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنے صوبے خیبر پختونخوا کے مسائل کا حل پیش کرنے میں ناکام رہا، اسے بلوچستان جیسے حساس خطے پر غیر ضروری رائے زنی سے گریز کرنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ سینیٹر ایمل ولی خان کو بلوچستان کی تاریخ، سماجی ڈھانچے اور روایات کا کوئی ادراک نہیں، اس لیے ان کے تبصرے حقائق سے مکمل طور پر عاری اور تعصب پر مبنی ہیں ۔

شاہد رند نے کہا کہ یہ کیس ریاستی اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے اور ہر ذی شعور شخص انصاف کا خواہاں ہے، مگر ایمل ولی خان اس حساس موقع پر بھی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں ،انہوں نے واضح کیا کہ جس سرداری یا جرگہ نظام کے خلاف ایمل ولی خان تقاریر کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس کے خلاف عملی جدوجہد کی ہے اور وہ بلوچستان میں جمہوری، شفاف اور عوام دوست نظام کے علمبردار ہیں ۔

ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ سیاسی مفاد کے لیے مظلوموں کے نام پر بیانیہ کھڑا کرنا شرمناک عمل ہے۔ بلوچستان کے عوام باشعور ہیں اور کسی کو یہاں سیاسی تماشا لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،شاہد رند نے ایمل ولی خان کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ناکام سیاست کو بلوچستان کے نام پر چمکانے سے باز رہیں ورنہ عوامی ردعمل ان کے لیے ناقابل برداشت ہو سکتا ہے۔