دریائے کابل کے کنارے شہید مولانا خان زیب کے نام سے چھوٹی آزاد لائبریری قائم کردی گئی

بدھ 23 جولائی 2025 02:25

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)دریائے کابل کے کنارے شہید مولانا خان زیب کے نام سے چھوٹی آزاد لائبریری قائم کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق لوئر مہمند یکہ غنڈ میچن کے علاقہ ڈب کور میں سابق ڈی جی لائیوسٹاک ڈاکٹر عالم زیب فارم ہائوس میں مہمند سٹوڈنٹس یونین نے پبلک لائبریری کی بنیاد رکھ دی،اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سابقہ ایم پی اے نثار مہمند، پشتو شاعر کاروان مہمند، مشال لائبریری کے اونر نجیب اللہ، ایم ایس یو مرکزی صدر عمیر ملک، مرکزی جنرل سیکرٹری آیاز خان، بانی ممبر و سپوکس پرسن رحمت شاہ مومند سمیت کثیر تعداد میں طلبہ و نوجوانوں نے شرکت کی۔

دریائے کابل کے کنارے واقع فارم ہاس میں سینکڑوں لوگ سرسبز و شاداب علاقے کے دلکش نظاروں اور دریا کے موجوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے اس پکنک پوائنٹ کا رخ کرتے ہیں. اس لائبریری کے قیام سے اب مطالعہ کے شوقین افراد اور کتاب خریدنے کے استطاعت نہ رکھنے والے لوگ آسانی سے مطالعہ کا شوق پورا کرینگے۔

(جاری ہے)

یہ لائبریری شہید مولانا خانزیب کے نام منسوب کیا گیا ہے تاکہ اس کا نامکمل مشن تکمیل تک پہنچایا جاسکیں۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا خانزیب نے ہمیشہ امن، مساوات اور قومی وسائل پر بات کی اور علاقے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا،لائبریری کے قیام سے نوجوانان پڑھائی کی طرف راغب ہونگے اور وہ اپنی تاریخ، جغرافیہ اور وسائل سے باخبر ہونگے۔افتتاحی تقریب میں مہمند سٹوڈنٹس یونین کے مرکزی کابینہ ممبران وسیم مومند، ملک شاہکار خان، باسط علی، کیمپس ممبران اعجاز احمد، حسن خان، مصباح اللہ، لقمان علی، عاطف خان سمیت کثیر تعداد میں علاقے کے نوجوانوں نے شرکت کی۔

لائبریری کیلئے شرکا نے کتابیں عطیہ کیں،مہمند سٹوڈنٹس یونین کے مرکزی صدر عمیر ملک نے مہمان خصوصی اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ چھوٹی(منی)لائبریری کا تحصیل خویزئے میں لگانے کا اعلان کردیا۔