کوہستان لوئر، اسسٹنٹ کمشنر پٹن کی زیر صدارت ضلع میں قائم منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پلانٹس بارے اجلاس کا انعقاد

بدھ 23 جولائی 2025 15:27

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر کوہستان لوئر طارق محمود کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پٹن سعد منیر کی زیر صدارت ضلع میں قائم منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پلانٹس سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (PEDO) کے نمائندے، ٹی ایم اے، لوکل گورنمنٹ اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر پٹن اور متعلقہ محکموں کے عہدیداروں نے گزشتہ مہینے مختلف منی مائیکرو ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے دورے کیے تھے، جن میں فیلڈ معائنہ اور مسائل کی نشاندہی کی گئی۔ اجلاس میں ان مشاہدات کی روشنی میں تمام فریقین سے تفصیلی مشاورت کی گئی تاکہ درپیش تکنیکی و انتظامی مسائل کو حل کیا جا سکے اور منصوبوں کو دوبارہ فعال بنانے کے لیے موثر اقدامات کئے جا سکیں۔اجلاس کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں فوری اقدامات عمل میں لائیں اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔