بھارت کی فضائی حدود میں پاکستانی طیاروں کے داخلے پر پابندی میں توسیع

بدھ 23 جولائی 2025 16:18

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے شہری ہوابازی کو سیاست زدہ کرنے کے ایک اقدام کے طورپر بھارتی فضائی حدود میں پاکستانی طیاروں کے داخلے پرپابندی میں ایک بارپھر 23اگست 2025تک توسیع کر دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی وزیر مملکت برائے شہری ہوا بازی مرلی دھر موہول نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی طیاروں کے بھارتی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی کو 23اگست 2025تک بڑھا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر مملکت نے کہاکہ یہ توسیع مسلسل اسٹریٹجک تحفظات کی عکاسی کرتی ہے اور موجودہ سیکورٹی پروٹوکول کے مطابق ہے۔ اپریل میں پہلگام حملے اور بھارت کے آپریشن سندور کے بعد پاکستانی طیاروں کے لیے بھارتی فضائی حدود بند کی گئی تھیں۔ اس کے بعد سے بھارتی حکومت نے وقتا فوقتا ماہانہ بنیادوں پر پابندی کی تجدید کی ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی طیاروں پر پابندی میں باربار توسیع سول ایوی ایشن کو سیاست زدہ کرنے کے مترادف ہے اور اسے علاقائی رابطوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے جو 1944کے شکاگو کنونشن کی روح کے منافی ہے جس میں ریاستوں کے درمیان کھلے اور تعاون پر مبنی ہوائی ٹریفک کے حقوق پر زوردیاگیا ہے۔