محکمہ صحت عامہ کے زیراہتمام EPI کے پلیٹ فارم سے شروع کی جانیوالی مہم میں علما کرام بڑھ چڑھ کرحصہ لیں، ڈی ایچ او نیلم

بدھ 23 جولائی 2025 16:22

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی کی زیر صدارت علما کرام کااہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں روٹین ایمونائزیشن میں 12مہلک بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکہ جات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی نے کہا کہ علما کرام توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات EPI کی اس قابل انسداد بیماریوں سے تحفظ کیلئے مہم کی آگاہی کیلئے شاندار کردار اداکرسکتے ہیں۔

ہرمحلے، گاؤں میں مساجد، مدارس کابہترین انتظام موجود ہے۔ پولیو، ٹی بی، ہیپاٹائیٹس، خناق، تشنج، کالی کھانسی، نمونیہ، اسہال، گردن توڑ بخار، ٹائی فائیڈ اور خسرہ سمیت کینسر جیسے مرض سے نجات کے لیے محکمہ صحت عامہ کے زیراہتمام EPIکے پلیٹ فارم سے شروع کی جانیوالی مہم میں علما کرام بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ مہم میں پولیو، ٹی بی، ہیپاٹائیٹس، خناق، تشنج، کالی کھانسی، نمونیہ، اسہال، گردن توڑ بخار، ٹائی فائیڈ اور خسرہ بیماریوں کے علاوہ کینسر کے تدارک کے لیے کام کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو، ٹی بی، ہیپاٹائیٹس، خناق، تشنج، کالی کھانسی، نمونیہ، اسہال، گردن توڑ بخار، ٹائی فائیڈ اور خسرہ مہلک بیماریاں ہیں جبکہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے معذور کردیتی ہے۔ HPV مہم کے ذریعے 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کوکینسر سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ HPV مہم میں 17ہزار کاٹارگٹ ہے۔پولیو وائرس سے بچاؤ کیلئے پولیو مہمات تسلسل سے جاری ہیں ضلع نیلم میں پولیو کا ٹارگٹ 39 ہزار کے قریب ہے۔

ستمبر 2025 میں آزادکشمیر بھر کی طرح ضلع نیلم میں HPVمہم ہورہی ہے۔ضلع نیلم میں پولیو کی کوریج 99 فی صد ہے جبکہ روٹین کی کوریج 95 فیصد ہے۔ اس موقع پر علما کرام نے کہاکہ ہم حکومت پاکستان وآزادکشمیر کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے مہلک بیماریوں کے تدارک اور قابل انسداد بیماری کینسر کے خاتمہ اور تشخص کیلئے EPIیونٹ، عالمی ادارہ صحت، یونیسف کے تعاون سے شروع کی جانیوالی مہم کوہرممکن تعاون کریں گئے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر غلام نبی کاکہناتھا کہ وادی نیلم میں چلہانہ سے تاؤبٹ تک جہاں میڈیا یاتعلیمی اداروں کاکردار ہے وہاں علماء اکرام کاآگاہی مہم میں موثر کردار لائق تحسین ہے ہر عالم ہرمسجد، مدارس میں طلباء وطالبات کو جودرس دیتاہے وہ بہترین ذرائع آگاہی ہے جملہ علماء اکرام سے استدعا ہے کہ جمعتہ المبارک کے اجتماعات سمیت دیگر تقریبات، مساجد اور مدارس کی محافلوں میں اہم ترین مسئلہ جس کی نشاندہی کی جاسکتی ہے کے حوالہ سے شہریوں کو آگاہ کیاجائے علماء اکرام کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے شکریہ اداکیا۔

اس موقع پر مولانا عبدالعزیز، مولانا شفیق الرحمن،مولانا فاروق احمد، مولانا عمر عزیز، مولانا عبدالحفیظ،مولانا طارق سعید، قاری عبداللطیف،بلال خطیب، کریم اللہ کے علاوہ EPIآفیسران اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مبشر گیلانی، خواجہ ضیاؤالدین ڈی ایس وی،فردوس بی بی اے ڈی سی، راجہ سلیم ودیگر سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔