سوات میں چالیار مدرسے کا واقعہ ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی

بدھ 23 جولائی 2025 16:29

سوات میں چالیار مدرسے کا واقعہ ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سوات میں چالیار مدرسے کے واقعے پر اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ۔بدھ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دینی مدرسے کے بچے پر تشدد اور اس کی شہادت کو ناقابل معافی جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے مرتکب افراد اسلام اور مدارس کا تشخص تباہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دینی درسگاہ ہو یا عصری درسگاہ کسی بھی مقام پر بچوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے دینی مدارس کے اکابرین سمیت تمام مکاتب فکر کے رہنمائوں سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات اور اس کے پیچھے کار فرما سوچ کے قلع قمع کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے چالیار مدرسہ کے شہید طالب علم کے والدین اور دیگر لواحقین سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ تمام لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔\932