بین اسٹوکس کی آئی سی سی پر تنقید، بھارت کو بھی چیلنج کردیا‘ آئی سی سی پر متضاد قوانین بنانے کا الزام عائد

بدھ 23 جولائی 2025 22:28

بین اسٹوکس کی آئی سی سی پر تنقید، بھارت کو بھی چیلنج کردیا‘ آئی سی ..
انگلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء)انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے بھارت کے خلاف مانچسٹر میں چوتھے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس میں شرکت کی اور اپنے دبنگ بیانات سے ایک بار پھر انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔اس بار اسٹوکس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھی نہیں بخشا۔ انہوں نے آئی سی سی پر متضاد قوانین بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کی مختلف کنڈیشنز کے مطابق قوانین میں تبدیلی ہونی چاہیے۔

پریس کانفرنس کے دوران بین اسٹوکس سے لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے استعمال کی جانے والی مائنڈ گیمز پر بھی سوال کیا گیا جس پر اسٹوکس نے روایتی انداز میں ہلکے پھلکے انداز میں جواب دیا۔اس سیریز میں بین اسٹوکس کی کارکردگی اور ان کی حکمت عملی خاصی نمایاں رہی ہے، خاص طور پر گیند بازی میں انہوں نے ٹیم کو دو مشکل اور اہم میچ جتوا کر سیریز میں برتری دلائی۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کو لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سست اوور ریٹ کے باعث جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔لارڈز ٹیسٹ میں دونوں ٹیموں نے روایتی ٹیسٹ کرکٹ کا انداز اپناتے ہوئے دفاعی حکمت عملی اختیار کی، جس کے باعث بولرز کو لمبے اسپیل کرانے پڑے اور تھکن کی وجہ سے اوورز مکمل کرنے میں وقت زیادہ لگا۔بین اسٹوکس نے اس حوالے سے کہا کہ ایشیائی کنڈیشنز اور انگلینڈ یا نیوزی لینڈ جیسی جگہوں پر ایک ہی قوانین لاگو نہیں کیے جاسکتے کیونکہ ایشیا میں 70 فیصد اوورز اسپنرز کرواتے ہیں جبکہ انگلینڈ اور دیگر مغربی ممالک میں زیادہ تر اوورز فاسٹ بولرز کراتے ہیں۔

بین اسٹوکس نے کہا کہ ’’آپ ایشیا میں وہی قوانین لاگو نہیں کر سکتے جہاں 70 فیصد اوورز اسپنرز کراتے ہیں، جبکہ یہاں انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک میں فاسٹ بولرز زیادہ اوورز کراتے ہیں۔‘‘لارڈز میں بھارت کی جانب سے دن کے اختتام پر وقت ضائع کرنے پر غصے کا اظہار کرنے کے بعد انگلینڈ نے نفسیاتی جنگ کا ہنر خوب استعمال کیا ہے۔بین اسٹوکس نے واضح کیا کہ انگلینڈ سلیجنگ کا آغاز نہیں کرنا چاہتا، تاہم اگر بھارت کی جانب سے کوئی حرکت ہوئی تو انگلینڈ پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انگلینڈ جو کبھی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ نہیں بنا سکا، لارڈز ٹیسٹ میں 22 رنز سے فتح کے باوجود سست اوور ریٹ کی وجہ سے دو پوائنٹس سے محروم ہوگیا۔دو میچز جیتنے کے بعد انگلینڈ کے پوائنٹس 24 سے کم ہو کر 22 رہ گئے اور پوائنٹس کا تناسب 66.67 فیصد سے کم ہو کر 61.11 فیصد رہ گیا، جس کے بعد انگلینڈ پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا سے نیچے تیسرے نمبر پر چلا گیا۔