نانگا پربت فتح کرنے والے ہیروکرنل ڈاکٹررانا حسن جاوید پاکستان کا فخر

بدھ 23 جولائی 2025 22:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء) پاکستان آرمی کے کرنل ڈاکٹر رانا حسن جاوید اپنی طبی عسکری خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ ایک ماہر کوہ پیما بھی ہیں۔ کرنل ڈاکٹر حسن جاوید نے 3 جولائی 2025 کو نانگا پربت المعروف قاتل پہاڑ کو کامیابی سے سر کیا جس کے ساتھ ہی وہ نانگا پربت سر کرنے والے اٴْن چند پاکستانی کوہ پیماؤں میں شامل ہو گئے جن کا تعلق گلگت بلتستان سے نہیں ہے۔

انہوں نے دنیا کی خطرناک اور نویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سر کرنے کیلئے ایک سال سخت ٹریننگ اور منصوبہ بندی کی۔ حسن جاوید نے مختلف بلند و بالا چوٹیوں پر پاکستان اور پاک فوج کا پرچم سربلند کیا، انکی اہم مہمات میں سوکیسر، خسرگنگ، اسپانٹک اور گاشہ بروم ٹو جیسی مشکل چوٹیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کرنل ڈاکٹر حسن جاوید کی لگن، نظم و ضبط اور غیر متزلزل عزم نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے، وہ کوہ پیمائی کے ساتھ ساتھ پلاسٹک سرجری میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنی طبی مہارت کو کوہ پیمائی کے دوران استعمال کرتے ہوئے کے ٹو بیس کیمپ میں شدید زخمی کوہ پیما کی سرجری کر کے جان بچائی، رواں سال نانگا پربت کے بیس کیمپ پر ایک اور کوہ پیما کو سر پر چوٹ لگنے پر کامیاب آپریشن کیا۔ ڈاکٹر حسن جاوید کی کوہ پیمائی میں شاندار کامیابیاں کسی غیر معمولی کارنامے سے کم نہیں، وہ پاکستان میں کوہ پیمائی اور ٹریکنگ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہیں۔