لاہور میں موسلادھار بارش سے 95 سے زائد فیڈرز ٹرپ، متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے

بدھ 23 جولائی 2025 23:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جولائی2025ء) شہرمیں ہونے والی موسلادھار بارش کے باعث لیسکو کا بجلی کا ترسیلی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرز جلنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے لیسکو کے 95 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔فیڈرز کی بندش کے باعث لاہور کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

موسلادھار بارش کے باعث بجلی کی فراہمی میں تعطل نے نہ صرف گھریلو صارفین بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو لیسکو محمد رمضان بٹ نے افسران و ملازمین کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے کام کو بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ سٹاف اپنی اپنی حدود میں موجود فیڈرز، لائنز اور ٹرانسفارمرز کی مرمت و بحالی کے عمل کو تیز کریں تاکہ عوام کو زیادہ دیر تک پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی بجلی کی خرابی یا شکایت کی فوری اطلاع متعلقہ سب ڈویژن یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر لیسکو کی ایمرجنسی ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :