4 اکتوبر احتجاج کیس، عدم پیشی پر عدالت نے عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے

رہنماء پی ٹی آئی سمیت تمام غیرحاضر کارکنان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم، عدالت نے اعظم خان سواتی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی،جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 24 جولائی 2025 12:50

4 اکتوبر احتجاج کیس، عدم پیشی پر عدالت نے عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24جولائی 2025)اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 4 اکتوبر احتجاج کیس میں عدم پیشی پر عدالت نے عمر ایوب کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے،جج طاہر عباس سپرا  نے کیس کی سماعت کی،اپوزیشن لیڈر کی عدم حاضری کی بنا پر عدالت نے انکے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے،عدالت نے عمر ایوب سمیت تمام غیرحاضر کارکنان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیدیا۔

پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کردی۔بعدازاں عدالت نے غیر حاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 30 جولائی تک ملتوی کر دی۔پی ٹی آئی رہنماء عمرایوب سمیت دیگر ملزمان کیخلاف تھانہ شہزاد ٹاؤن میں مقدمات درج ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی راولپنڈی کی انسداد دہشتگری عدالت نے 26نومبر احتجاج کے تین مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔ مقدمات میں مطلوب پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں تھیں۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں کو چھاپہ مار کارروائیوں کی ہدایات دیدی گئیں تھیں۔ملزمان میں پی ٹی آئی رہنماء عارف علوی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام شامل تھے۔

جبکہ حماد اظہر، شاہد خٹک، خالد خورشید،فیصل امین، وہاب علوی،شہریار ریاض اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔قبل ازیں بھی سلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپورکے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے تھے۔ عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہ کوگرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیاتھا۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ علی امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیاتھا۔ وارنٹ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے جاری کئے۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی تھی۔