پاکستان میں 2024-25 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری میں تاریخی اضافہ ،چین سرفہرست رہا

جمعرات 24 جولائی 2025 16:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اور تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس میں عوامی جمہوریہ چین سب سے بڑے سرمایہ کار کے طور پر ابھرا ہے، سپیشل انویسٹمنٹ فیسلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر پالیسیوں اور فعال حکمت عملیوں کے باعث رواں مالی سال کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے ہیں۔

ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران پاکستان کو 2.45 ارب امریکی ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) موصول ہوئی، اس میں چین کا حصہ 1.22 ارب ڈالر رہا جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 90 فیصد زیادہ ہے۔ اس وقت چین پاکستان میں کل ایف ڈی آئی کا 49.9 فیصد حصہ رکھتا ہے جو اسے سب سے بڑا شراکت دار بناتا ہے۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاری کے لحاظ سے توانائی کا شعبہ سب سے زیادہ پرکشش رہا جہاں 1.17 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، یہ مجموعی ایف ڈی آئی کا اہم ترین حصہ ہے اور صنعتی ترقی و توانائی کے شعبے میں خودکفالت کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے نہ صرف عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہوا بلکہ اقتصادی سرگرمیوں میں بھی واضح تیزی آئی ہے۔ ماہرین اسے معیشت کے استحکام، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور صنعتی ترقی کے لیے مثبت اشارہ قرار دے رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات جاری رکھے گی۔