فیصل بینک اور Fauree کا اشتراک: پاکستان میں اسلامی ڈیجیٹل سپلائی چین فنانس اور زرعی ڈیجیٹائزیشن کا آغاز

یہ اشتراک اسمارٹ SCF پلیٹ فارم اور ایگری ٹیک انٹیگریشنز کے ذریعے مالی شمولیت اور آپریشنل کارکردگی میں انقلابی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے

جمعرات 24 جولائی 2025 16:46

فیصل بینک اور Fauree کا اشتراک: پاکستان میں اسلامی ڈیجیٹل سپلائی چین فنانس ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء)پاکستان میں اسلامی بینکاری کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جب فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل)نے جدید فن ٹیک ادارے Fauree کے ساتھ مل کر مکمل اسلامی ڈیجیٹل سپلائی چین فنانس (SCF) اور زرعی ڈیجیٹائزیشن ایکو سسٹم کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔یہ معاہدہ فیصل بینک کے فلیٹ اینڈ ایگری ڈویژن کے ہیڈ آف کمرشل بینکنگ اسمال بزنس انٹرپرائزز (CBSME) الطاف حسین ثاقب اور Fauree کے شریک بانی و سی ای او اظہر تصدق کے درمیان طے پایا۔

دستخط کی یہ تقریب فیصل بینک کے لاہور دفتر میں منعقد ہوئی۔اس شراکت داری کا مقصد شریعت کے مطابق جدید ڈیجیٹل فنانسنگ حل متعارف کرانا ہے، جن میں انوائس فنانسنگ، انوینٹری فنانسنگ، ڈسٹری بیوٹر فنانسنگ، اور زرعی ویلیو چین کے شراکت داروں کے لیے ایگری ڈیجیٹائزیشن پلیٹ فارم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یہ سلوشنز اسلامی اصولوں کے مطابق مالی شمولیت کو فروغ دیں گے اور کاروباری عمل کو کاغذ کے بغیر ڈیجیٹل دور میں منتقل کریں گے۔

فیصل بینک کے صدر و سی ای او یوسف حسین نے کہا، اسلامی بینکاری کے شعبے میں فیصل بینک نے زرعی ڈیجیٹائزیشن کی بنیاد رکھی ہے۔ یہ شراکت داری پورے پاکستان میں اسلامی فنانسنگ سلوشنز کو وسعت دینے اور انہیں مزید مثر بنانے کے ہمارے عزم کو مظبوط کرے گی۔ ہم جدید ٹیکنالوجی اور شرعی اصولوں کو یکجا کرتے ہوئے فصلوں، مویشیوں اور سپلائی چین کے شعبوں میں فوری اور آسان مالی سہولتیں فراہم کریں گے۔

Fauree کے شریک بانی اظہر تصدق نے کہا، یہ معاہدہ پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ ہم فیصل بینک کی اسلامی مالیاتی مہارت کو جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ مربوط کرکے پاکستان کا پہلا مکمل شریعت کے مطابق ڈیجیٹل سپلائی چین فنانس ایکو سسٹم تیار کر رہے ہیں، جو فارم سے لے کر برآمدات تک پورے ایگری ویلیو چین کو ڈیجیٹائز کرے گا۔یہ اشتراک اسمارٹ SCF پلیٹ فارم اور ایگری ٹیک انٹیگریشنز کے ذریعے مالی شمولیت اور آپریشنل کارکردگی میں انقلابی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سپلائرز، ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کے لیے ڈیجیٹل فنانسنگ سے لے کر فصلوں کی ریئل ٹائم اگنوسٹک فنانسنگ تک، یہ نظام چھوٹے اور کم مراعات یافتہ کاروباری طبقات کے لیے ایک قابل اعتماد، شریعت کے مطابق اور ٹیکنالوجی پر مبنی مالی دنیا کی راہ ہموار کرے گا۔