سرگودھا بورڈ میں پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 24 جولائی 2025 16:52

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ اس سال کامیابی کا مجموعی تناسب 73.81 فیصد رہا۔ امتحانات میں 93 ہزار 582 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 69 ہزار 72 امیدوار کامیاب قرار پائے۔نتائج کے مطابق سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ کا کامیابی کا تناسب 75.65 فیصد رہا جبکہ نجی اداروں سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب 58.11 فیصد رہا۔

ضعی سطح پر کامیابی کے تناسب میں سرگودہا سرفہرست رہا جہاں 74.93 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔ خوشاب میں کامیابی کا تناسب 73.35 فیصد، بھکر میں 74.78 فیصد جبکہ میانوالی میں 70.79 فیصد رہا۔ نتائج کے اعلان کے موقع پر ایک پروقار تقریب بورڈ آفس سرگودہا میں منعقد ہوئی جس کی صدارت کمشنر وچئیرمین تعلیمی بورڈ سرگودھا جہانزیب اعوان نے کی۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمانان خصوصی ممبران قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، ارم حمید اور سابق ایم این اے حامد حمید تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شیری گل، سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی، کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی، سی ای او ایجوکیشن، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے کامیاب طلبہ، ان کے والدین اور اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے اپنی محنت، لگن اور صلاحیتوں سے والدین اور اداروں کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کامیابی کا اصل مطلب معاشرے کی بہتری کے لیے خود سے آگے سوچنا اور خدمات انجام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر اور مزید انعامات سے نوازا جائے گا۔ ایم این اےارم حمید نے خطاب میں کہا کہ یہ کامیابی تاریخ میں رقم ہو چکی ہے اور دعا ہے کہ یہ نوجوان عملی زندگی میں بھی اسی جذبے سے کام کریں۔

ایم این اے ملک شاکر بشیر اعوان نے بچیوں کی 83 فیصد کامیابی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت تعلیم کو ترجیح دے رہی ہے اور پوزیشن ہولڈرز کے لیے خصوصی انعامات اور وظائف بھی رکھے گئے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے چوہدری حامد حمید نے پوزیشن ہولڈرز کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ ان ہونہار طلبہ و طالبات نے سرگودھا ڈویژن کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، آپ میں ہی مستقبل کے سائنسدان، انجینئر، ڈاکٹرز اور سپورٹس ہیروز بیٹھے ہیں جنہوں نے آگے بڑھ کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے علم دوستی کا ثبوت محض اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے دیا ہے، جس کا مظہر سکالرشپ، لیپ ٹاپ اسکیم اور دیگر درجنوں تعلیمی منصوبے ہیں۔

تقریب میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ، گولڈ میڈل اور نقد انعام، دوسری پوزیشن پر سلور میڈل اور کیش پرائز، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو براؤن میڈل اور انعامات دیے گئے۔ سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی نے تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی نے امتحانی نتائج کی تفصیلات پیش کیں۔