ڈی جی ریسکیو سروسز طیب عبداللہ کی کمشنر پشاور ڈویژن سے ملاقات، ریسکیو سروسز کی تیاریوں پر تبادلہ خیال

جمعرات 24 جولائی 2025 17:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو سروسز طیب عبداللہ نے گزشتہ روز کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود سے ملاقات کی جس میں ممکنہ سیلابی صورتحال اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کےلیے ریسکیو سروسز کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی ریسکیو سروسز نے ادارے کی استعداد، آلات، تربیت یافتہ عملے اور ریسپانس میکانزم سے متعلق نکات پیش کیے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان مسعود کی زیرصدارت اجلاس میں ریسکیو کے ڈائریکٹر آپریشن ڈاکٹر میر عالم نے مختلف اضلاع اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر غیور مشتاق خان نے پشاور میں ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے اور پیشگی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں بشمول پولیس ضلعی انتظامیہ، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز، محکمہ آبپاشی اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں سیلابی علاقوں کی نشاندہی، خطرے کی سطح، ایمرجنسی ریسپانس پلان، وسائل کی دستیابی اور بین الاداراتی رابطہ کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ ریسکیو کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ بروقت ردعمل اور عوامی آگاہی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ آفت سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :