ہزارہ ڈویژن میں حالیہ طوفانی بارشوں اور فلیش فلڈ کے خطرات کے پیش نظر کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس کا انعقاد

جمعرات 24 جولائی 2025 18:31

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) ہزارہ ڈویژن میں حالیہ طوفانی بارشوں، کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر ہزارہ نے ہدایت جاری کی کہ لینڈ سلائیڈ نگ کے خطرے سے دوچار علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے جبکہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمدورفت کو محدود کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ کمشنرہزارہ نے ہدایت دی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اسسٹنٹ کمشنرز/ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز موقع پر خود موجود رہ کر رسپانس اقدامات کی براہِ راست نگرانی کریں۔

(جاری ہے)

ساتھ ہی دریا کنارے واقع ہوٹل مالکان کو ہدایت دی جائے کہ وہ اپنے مہمانوں کو دفعہ 144 کے نفاذ سے مطلع کریں اور دریا کے قریب نقل و حرکت پر مکمل پابندی کو یقینی بنائیں۔

ریسکیو 1122 کو فوری اور جامع تعیناتی پلان تیار کرنے کی ہدایت دی جائے جبکہ محکمہ صحت کو ہنگامی طبی سہولیات، ایمبولینسز اور عملہ کی 24/7 دستیابی یقینی بنائی جائے۔ تمام ہوٹل مالکان کو ایمرجنسی کی صورت میں فوری رابطے کے لیے اہم فون نمبرز فراہم کیے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ہم آہنگی ممکن بنائی جا سکے۔تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو بھی یہ ہدایت کی جائے کہ سانپ کے کاٹنے کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر اینٹی وینم کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

کمشنر ہزارہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی جائے کہ وہ مربوط حکمت عملی، باہمی تعاون اور فوری رسپانس کے تحت ہر ممکن اقدامات کریں تاکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :