پاکستان اور چین میں میری ٹائم تعاون میں نئی پیش رفت

پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور چینی کمپنی شینڈونگ ڑین شو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 24 جولائی 2025 21:52

پاکستان اور چین میں میری ٹائم تعاون میں نئی پیش رفت
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) پاکستان اور چین کے درمیان بحری تعاون کو وسعت دینے کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور چینی کمپنی شینڈونگ ڑین شو کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے۔ اس تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے شرکت کی اور اس معاہدے کو دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگ میل قرار دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، جو نہ صرف میری ٹائم انڈسٹری بلکہ خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور رابطوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔معاہدے کے تحت بحری جہازوں کی خرید و فروخت، لیزنگ، انتظامی خدمات، مارکیٹنگ، کریو مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں قریبی اشتراک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

شینڈونگ ڑین شو کمپنی PNSC کو سرمایہ اور جہاز فراہم کرے گی، جس سے پاکستانی شپنگ انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا ہوگا، اور پاکستان کی موجودہ بندرگاہی اور بحری صلاحیتوں کو مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جا سکے گا۔معاہدہ نہ صرف پاکستان کے لیے اقتصادی مواقع کا دروازہ کھولے گا۔