وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انورالحق کا وفاقی حکومت کے تعاون سےنوتعمیر شدہ اٹامک انرجی کینسرہسپتال مظفر آباد کا دورہ

جمعرات 24 جولائی 2025 23:13

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انورالحق نے وفاقی حکومت کے تعاون سے نو تعمیر شدہ اٹامک انرجی کینسر ہسپتال مظفر آباد کا دورہ کیا، وزیراعظم آزادکشمیر نے اٹامک انرجی کینسر ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ، وزیراعظم آزادکشمیر نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی این ایم او ڈاکٹر شازیہ فاطمہ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بارے تفصیلی بریفنگ دی ، وزیراعظم آزاد کشمیر کو ہسپتال میں کینسر کی مختلف اقسام کی تشخیص اور علاج کے لیے جدید مشینری بارے تفصیل سے بتایا گیا، اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے تعمیر ہونے والے اٹامک انرجی ہسپتال مظفرآباد خطے کے لیے وفاق کی جانب سے بہترین تحفہ ہے، مختلف اقسام کے کینسر کی تشخیص اور بروقت علاج کے لیے اٹامک انرجی ہسپتال مظفر آباد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خواہش تھی آزاد کشمیر کی عوام کے لئے ایک بہترین کینسر ہسپتال قائم ہو ، وفاقی حکومت کے تعاون سے تعمیر ہونے والے اس ہسپتال کی ضروریات کے لیے محکمہ صحت آزاد کشمیر اٹامک انرجی ہسپتال مظفرآباد کو ہر ممکن آپریشنل تعاون فراہم کرے گا ، وزیراعظم نے کہا کہ یہاں ہسپتال کا انفراسٹرکچر اور سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری دیکھ کر دلی خوشی ہوئی، صحت کے مسائل کا خاتمہ موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، 5.4ارب کی خطیر رقم سے تعمیر ہونے والے اٹامک انرجی ہسپتال مظفرآباد کینسر جیسے مہلک امراض کے علاج معالجے میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔