ضلعی انتظامیہ کے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کے دعوئے کھوکھلے

انتظامیہ فوٹوسیشن سے حکام بالا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے لگی

جمعرات 24 جولائی 2025 20:05

ضلعی انتظامیہ کے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کے دعوئے کھوکھلے
اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ کے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے انتظامات کے دعوئے کھوکھلے،انتظامیہ فوٹوسیشن سے حکام بالا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے لگی،حقائق دعوئو ں کے برعکس،شینکہ میں پانچ خاندان کے 51افراد دریائے سندھ کی بے رحم موجوں میں پھنسے رہے انتظامیہ مکمل طور پر بے خبر،تما م خاندان کے افرادگھنٹوں امدادکے منتظر رہے، کئی گھنٹوں بعد میڈیا پر خبرنشرہونے کے بعد انتظامیہ کو خواب خرگوش سے ہوش آیاتو چھ گھنٹوں سے زائد وقت میں ر یسکیو اور دیگر امدادی اداروں کا آپریشن مکمل 51افراد بحفاظت محفوظ مقام کی طرف منتقل کردیے گئے، جن میں 33 بچے 12خواتین اور چھ مردشامل ، تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر اور دریائے سندھ کے اطراف اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی گئی مگرا س کے باوجودضلعی انتظامیہ کے انتظامات کے دعوئے اعلی حکام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوا کچھ ثابت نہ ہوئے ، فوٹوسیشن کی حدتک انتظامات کے دعوے کرکے حکام اور عوام کو ماموں بنایا جا تا ر ہا، گزشتہ روز دریائے سندھ میں تربیلا ڈیم کے اضافی پانی کے اخراج اور مون سون کی مسلسل بارشوں کے باعث اٹک کی تحصیل حضروکے مقام شینکہ میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے پانچ خاندانوں کے 51افرادجن میں خواتین ،بچے ا وربزرگ شامل تھے سیلابی پانی میں پھنس گئے اور دفاتر میں براجمان سب اوکے کی رپورٹ جاری کرنے والے افسران کوخبرتک نہ ہوئی ، متاثرہ پانچ خاندان امدادکے منتظراپنی موت کو آنکھوں سے دیکھتے رہے بالآخر کئی گھنٹوں بعد جب میڈیا پر خبرنشرہوئی توخوا ب و خرگوش میں مزے لیتی انتظامیہ کو ہوش آیا اور ریسکیو و د یگر امدادی ادارے موقع پر پہنچنے جنہو ں نے چھ گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد پانچ خاندان کے 51تمام افراد میں 33بچے 12خواتین اور 6مردشامل ہیں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام منتقل کردیا، عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے سربراہان سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے دعووں کے بارے بازپرس کرنے اورانتظامات کوعملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیاہے۔