دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے جوان وطن کے دفاع کیلئے ناقابل تسخیر ڈھال ہیں،صوبائی وزیر منصوبہ بندی

جمعرات 24 جولائی 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی نے کہاہے کہ دہشتگردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کے جوان وطن کے دفاع کیلئے ناقابل تسخیر ڈھال ہیں ،بہادرآفیسر میجر زیاد سلیم اور سپاہیوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائیگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے’’ اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ میجر زیاد سلیم اور دو سپاہیوں کی شہادت پردلی تعزیت کااظہار کرتاہوں جنہوں نے اسپیلنجی، مستونگ میں فتنہ ہندوستان کے خلاف جاری آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر افسران اور سپاہی مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ایک ناقابلِ تسخیر ڈھال بنے ہوئے ہیں جو بیرونی سرپرستی میں ہونے والی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہیں۔بلوچستان اور پاکستان میں جو امن، ترقی اور خوشحالی دیکھنے میں آ رہی ہے، وہ افواج پاکستان کے بہادر افسران اوروطن کے بہادر فرزندوں کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور ان کے پسماندگان کو صبر، استقامت اور عزت بخشے۔ آمین۔